لاہور(نمائندہ خصوصی) وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے مصنوعی مہنگائی کے ذمہ داروں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کا حکم دیا ہے۔ڈپٹی کمشنرز ، اسسٹنٹ کمشنرز کی کارکردگی کو اب پرائس کنٹرول کے موثر اقدامات سے جانچا جائے گا، وزیراعلیٰ چوہدری پرویز الٰہی نے کابینہ اسٹینڈنگ کمیٹی برائے پرائس کنٹرول کو لندن سے کریک ڈاون کی ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ مہنگائی عام آدمی کا مسئلہ ہے،پرائس کنٹرول کے موثر نظام کے ذریعے غریب آدمی کیلئے آسانیاں پیدا کی جائیں۔ صوبے کے عوام کو کسی صورت مہنگائی مافیا کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑا جاسکتا۔سیاسی و انتظامی ٹیم ے متحرک کردار ادا کرے ، عوامی نمائندے اپنے علاقوں میں اشیاء ضروریہ کی قیمتوں کا جائزہ لیں۔ڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ کمشنرز کی کارکردگی کو پرائس کنٹرول کے موثر اقدامات سے جانچا جائے گا۔ تساہل کی کوئی گنجائش نہیں ، کوتاہی کرنے والوں کو جوابدہ ہونا ہوگا۔ وزیراعلیٰ نے ڈی سی دفاتر میں روزانہ کی بنیادپر پرائس کنٹرول کمیٹی کے اجلاس کے انعقاد کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ دکانوں پر منظور شدہ پرائس لسٹ آویزاں کی جائے اور ایس او پیز کے مطابق اشیاء کی قیمتوں کی جانچ پڑتال کی جائے۔