• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
عبدالرزاق جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے
عبدالرزاق جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق آل راؤنڈر عبدالرزاق نے پاکستان جونیئر لیگ میں آل راؤنڈرز کی تلاش کو ہدف قرار دے دیا۔

عبدالرزاق کا کہنا ہے کہ میں آل راؤنڈرز کو نظر میں رکھوں گا، امید ہے لیگ سے آل راؤنڈرز ملیں گے، جنہیں تلاش کر کے ان پر کام کروں گا اور مزید بہتری لانے کی کوشش کروں گا۔

عبدالرزاق کا کہنا ہے کہ پاکستان جونیئر لیگ نوجوان کرکٹرز کے لیے ایک پریشر والا ٹورنامنٹ ہے، ان کرکٹرز کو ٹیسٹ سینٹر پر کھیل کر انٹرنیشنل کرکٹ کا ایک احساس مل رہا ہے جہاں ابھی انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم کھیل کر گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ لیگ میں معیاری پچز اور گراؤنڈ بھی بڑے ہیں کیونکہ ابھی لیگ کی شروعات ہے، آہستہ آہستہ نوجوان کرکٹرز سیٹ ہو جائیں گے اور بڑے اسکور ہوں گے۔

عبدالرزاق نے بتایا کہ میں کوچنگ کر کے بہت خوش ہوتا ہوں، میدان میں نوجوانوں کے ساتھ عملی طور پر کام کرتا ہوں، کھلاڑیوں کی اسکلز کو بہتر کرنے کے ساتھ ان کو ذہنی طور پر مضبوط بنانا ہے ۔

عبدالرزاق نے مزید کہا کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان ٹیم بہت اچھا پرفارم کرے گی، پاکستان ٹیم کو دنیا کی بہترین ٹیم مانتا ہوں۔

اس حوالے سے انہوں نے کہا کہ اس کی وجہ یہ نہیں ہے کہ میں پی سی بی کا ملازم ہوں اور ملازم کی حیثیت سے کہہ رہا ہوں، ایشیا کپ اور انگلینڈ کے خلاف سیریز میں بدقسمتی کہ وجہ سے نہ جیت سکے حالانکہ پاکستان کے پاس میچ ونر بیٹرز اور بولرز ہیں اس لیے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان ٹیم اچھا پرفارم کرے گی۔

سابق آل راؤنڈر عبدالرزاق پاکستان جونیئر لیگ میں حیدر آباد ہنٹرز کے کوچ ہیں۔ وہ 46 ٹیسٹ، 265 ون ڈے اور 32 ٹی ٹوئنٹی میچز میں پاکستان کی نمائندگی کر چکے ہیں۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید