برلن (این این آئی) وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ گزشتہ چار سال میں جن ممالک سے تعلقات متاثر ہوئے تھے اب ان میں بہتری آئی ہے، ہم چیرٹی یا بھیک مانگنے کی بات نہیں کرتے، انصاف کا مطالبہ کرتے ہیں، سیلاب سے بحالی کیلئے پاکستان کو مزیدمدد درکار ہے، ہماری مدد کرنا آلودگی پھیلانے والے ممالک کی اخلاقی ذمہ داری ہے۔ جرمن میڈیا کو دیئے گئے ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ جرمنی کی 6کروڑیورو کی امدادکی یقین دہانی پر شکرگزارہیں، ہم چیرٹی یا بھیک مانگنے کی بات نہیں کرتے بلکہ انصاف کا مطالبہ کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب سے بحالی کیلئے پاکستان کوعالمی برادری اور عالمی اداروں کی مزید مددکی ضرورت ہوگی، آلودگی پھیلانے والے ممالک کی اخلاقی ذمہ داری ہے کہ عالمی مسئلے کا مقابلہ کرنے میں ہماری مدد کریں۔ انہوں نے کہا کہ چارپانچ ماہ میں جن ملکوں سے انگیج کیا، اس کابہترین رسپانس ملا، پچھلے چار سال امریکا، عرب اور ہمسایہ دوست ملکوں سے تعلقات متاثر ہوگئے تھے، انگیج کر کے، عزت کے ساتھ بات کر کے چارپانچ مہینوں میں تعلقات میں بہت بہتری آئی ہے، تاہم تعلقات کی بہتری کیلئے مزید محنت اور کام کرنے کی ضرورت ہے، اب ہم صحیح سمت میں چل رہے ہیں۔