• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت نے آرٹیکل 370 اور 35A ختم کر کے خطے میں انتشار کی بنیاد رکھی، شاہ غلام قادر

بریڈفورڈ (محمد رجاسب مغل) آزاد کشمیر اسمبلی کے رکن اور مسلم لیگ ن کےصدر شاہ غلام قادر نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر غیرانسانی فوجی محاصرے میں ہے، بھارتی حکومت اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی مخالفت کررہی ہے جب کہ جنیوا کنونشن سمیت عالمی قانون کی خلاف ورزی کرتے ہوئے مقبوضہ جموں و کشمیر میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کے لیے ’’ہندتوا‘‘ ایجنڈے پر بےشرمی سے کار بند ہے، بھارتی حکومت نے 5 اگست 2019 کو مقبوضہ کشمیر سے آرٹیکل 370 کو منسوخ کر کے اس کی خصوصی حیثیت ختم کر کے مقبوضہ کشمیر پر قبضےکے خواب دیکھ رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسلم لیگ آزاد کشمیر کے سینئر رہنما جاوید قادر کی جانب سےدئیے گئے استقبالیے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جلسے کی صدارت کرنل ریٹائرڈ معروف نے کی، ان کا کہنا تھا کہ ہمیں بھارت کے قوانین سے کوئی دلچسپی نہیں کہ وہ بنائے یامنسوخ کرے لیکن آرٹیکل 370 کی منسوخی کے ساتھ35A کو ختم کر کے نہ صرف کشمیریوں کے حقوق سلب کرنے کی سازش کی ہے بلکہ پورے خطے میں انتشارکی بنیاد رکھ دی ہے، انہوں نے کہا کہ مہاراجہ کے دور میں باشندہ ریاست کا قانون بنا تھا جو آج بھی آزاد کشمیرمیں لاگو ہے جس کے تحت کوئی غیر ریاستی شخصاپنی جائیداد نہیں بنا سکتا ہے، صرف انڈسٹری یا کاروبارکے لیے لیز پر لے سکتا ہے لیکن بھارت نے اس خصوصی حیثیت کو ختم کر کے پورے مقبوضہ کشمیر کو نہ صرف لاک ڈاؤن میں ڈال دیا بلکہ اس عرصے میں 42لاکھ غیرریاستی باشندوں کو ڈومیسائل جاری کیے اور مقبوضہ کشمیر کی آبادی کے تناسب کو اپنے حق میں بدلنے کی سازش کی ہے، مودی حکومت نے آرٹیکل 370 اور 35-A کوختم کرتے ہوئے ریاست کو دو حصوں میں تقسیم کرنے کااعلان کیا ہے، ایک کروڑ 25 لاکھ افراد پر مشتمل ریاست مقبوضہ جموں و کشمیر کو 2 وفاقی اکائیوں میں تقسیم کردے گی، جموں و کشمیر کو الگ اور لداخ کو الگ اکائی بنایا جائے گا، متنازع اور مذموم فیصلے سے جموں وکشمیر اب ریاست نہیں بلکہ وفاقی علاقہ کہلائے گا جس کی اپنی قانون ساز اسمبلی ہو گی اور لداخ کو وفاق کے زیر انتظام علاقہ قرار دیا جائے بھارتی وزیر داخلہ بھی ان دنوں کشمیر کے دورے پر ہے جس پر دونوں طرف کے کشمیری سراپا احتجاج ہیں، وہ ایک سازش اور لالچ دے کرکشمیریوں کی سوچ بدلنے کی ناکام کوشش کر رہا ہے، انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں ہمیشہ رواداری کی سیاست رہی ہے لیکن جب سے تحریک انصاف کی حکومت آئی ہے خطہ جو آزادی کا بیس کیمپ ہے، اس میں نہ صرف گالم گلوچ کے کلچر فروغ دیا گیا بلکہ ہمارے دور کے جاری ترقیاتی کاموں کو روک دیا گیا اور کوئی ایک بھی نیا ترقیاتی منصوبہ نہیں شروع ہوا،انہوں نے کہا کہ گذشتہ الیکشن کی طرح تحریک انصاف ایک بار پھربلدیاتی انتخابات میں آزاد خطہ کے لوگوں کے ووٹ پر ڈاکہ ڈالنے کے منصوبے بنا رہی ہے، مسلم لیگی کارکن انتخابات کی تیاری کریں، ہم نے نظم و ضبط کا مظاہرہ کرتے ہوئے آپس میں اتفاق و اتحاد سے ایسی تمام سازشوں کا مقابلہ کرنا ہے، ہمارا نظریہ الحاق پاکستان ہےاور ہمارے آباؤ اجداد نے الحاق پاکستان کیلئے قربانیاں دیں، اس پر کوئی کمپرو مائز نہیں کیا جائے گا، راجہ محمد فاروق حیدر خان پر اسمبلی فلور پر حملہ کرکے ایوان کا تقدس مجروح کیا گیا، یہ ہماری روایت نہیں ،نہ ہمارا یہ کلچر ہے۔ برطانیہ میں مسلم لیگ ن ایک مضبوط قوت ہے، لوگ محنت مزدوری کرکے جماعت کی مضبوطی اور مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے سمیت ملک کی معیشت کیلئے بھی اپنا اہم کرداد ادا کرتے ہیں، برطانیہ میں بسنے والے لوگ ہمارے سفیر ہیں جنہوں نے ہمیشہ اپنے ملک کا جھنڈا بلند کیے رکھا، آزاد کشمیر میں ہماری حکومت نے پانچ برس میں تعمیرو ترقی کے انقلابی اقدامات کیے ہیں، پورے آزاد کشمیر کی تمام مرکزی سڑکوں کو پختہ کیا ،این ٹی ایس کے ذریعے آزاد کشمیر کے میرٹ کی بالادستی کو یقینی بنایا، تیرویں ترمیم کے ذریعےآزاد کشمیر کی حکومت کو بااختیار ،13ویں ترمیم آزاد کشمیر کے عوام کو نواز شریف کا طرف سے تحفہ ہے،13ویں ترمیم کے موقع پر ممبران اسمبلی پر سخت دباؤرہا لیکن تمام ممبران اسمبلی نے کسی بھی دباؤ کو خاطرمیں نہ لاتے ہوئے13ویں ترمیم پاس کی جس سے آج آزاد کشمیر کی حکومت بااختیار ہے، اب مسلم لیگ ن ایسی کسی ترامیم کو قبول نہیں کرے گی جس سے آزاد حکومت کے اختیارات کم ہوں، ہم محمد نوازشریف کے دئیے گئے تحفے کی حفاظت کریں گے، انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی سیاحت اتھارٹی بنا کر آزاد کشمیر کے جنگلات اورخوبصورت مقامات پر قابض ہونا چاہتی ہے لیکن مسلم لیگ ن کی پارلیمانی پارٹی نے اس سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیا۔ اس موقع پر کرنل ریٹائرڈ معروف نے کہا کہ مسلم لیگ ن آزاد کشمیر میں کارکن آزاد کشمیر کے انتخابات میں ناکامی کے بعد مایوسی کا شکار تھے اور کسی مسیحا کےانتظار میں تھے، ہمارے قائد سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے نئی تنظیم سازی کرتے ہوئے شاہ غلام قادرکو پارٹی کا چیف ایگزیکٹو بنا کر آزاد کشمیر میں مسلم لیگیوں کے دل جیت لیے ہیں۔ قومی اسمبلی کےحلقہ این اے 60 سے مسلم لیگ ن کے امیدوار سجاد خان نے کہا کہ شاہ غلام قادر کے آزاد کشمیر کے صدر بننے پرآزاد کشمیر میں جماعت کو تقویت ملے گی ۔ تقریب کے میزبان راجہ جاویدقادر نے کہا کہ ہم میاں محمد نواز شریف کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے شاہ غلام قادر اعتماد کا اظہار کیا اور آزاد کشمیر مسلم لیگ ن کی قیادت سونپی انہوں نے امیدکا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ آزادکشمیر میں پارٹی کومتحد کرتے ہوئے تمام کارکنوں کو ساتھ لے کر چلیں گے، انہوں نے اپنے قائد میاں محمد نواز شریف کے ہر فیصلےکو ماتھے کا جھومر قرار دیا۔ تقریب سے سابق لارڈ میئربریڈفورڈ راجہ غضنفر خالق ، سابق لارڈ میئر اولڈ ھم عتیق الرحمن ،پاکستان مسلم لیگ ن کے سیکرٹری جنرل راجہ ادریس خان ، طارق بٹ ،راجہ آفتاب شریف ،غفورقریشی ، محمد عجائب ،اعجاز اور دیگر نے شاہ غلام قادرکو برطانیہ کا دورہ کرنے پر خوش آمدید کہا اور آزاد کشمیرمسلم لیگ ن کی قیادت سنبھالنے پر مبارک باد پیش کی۔ پارٹی کارکنوں نے زور دیا کہ جماعت میں اور اپنے قائد کےلیے قربانیاں دینے والے کارکنوں کو نظر انداز نہ کیا جائےاور کو پارٹی میں مقام دیا جائے۔
یورپ سے سے مزید