برطانیہ نے اپنے 1300 شہریوں کو فٹبال ورلڈکپ دیکھنے کےلیے قطر کا سفر کرنے سے روک دیا ہے۔
برطانوی وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ فٹبال کے وہ شائقین جو کھیل کے دوران شرانگیزی پھیلانے میں ملوث رہے ہیں انہیں قطر نہیں جانے دیا جائے گا۔
سیکرٹری داخلہ سوئیلا بریورمین نے کہا کہ ہم چند قانون توڑنے والوں کے برتاؤ کی وجہ سے پورا ٹورنامنٹ خراب نہیں ہونے دیں گے۔
خیال رہے کہ پریمیئر لیگ کے پچھلے سیزن میں شائقین کی طرف سے میدان میں اترنے اور اسٹیڈیم میں ہنگامہ آرائی کرنے کے واقعات میں اضافہ ہوا تھا۔
محکمہ داخلہ نے خبردار کیا تھا کہ قوائد کی خلاف ورزی کرنے والے فٹبال شائقین کو 6 مہینے کی قید اور جرمانہ بھی کیا جاسکتا ہے۔
وزارت داخلہ نے اپنے بیان میں کہا کہ کوئی بھی شخص جس نے ماضی میں مسائل پیدا کیے ہوں اور ممکنہ طور پر دوبارہ کرنے کا شبہ ہو انہیں بھی قطر کے سفر سے روکا جائے گا۔
سیکرٹری داخلہ نے کہا کہ تشدد اور بدنظمی ہم یہاں بھی برداشت نہیں کرتے اور اس مجرمانہ رویے کو ورلڈکپ میں بھی برداشت نہیں کیا جائے گا جس کی وجہ سے ہم یہ قدم اٹھا رہے ہیں۔