• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹوریز میں اختلافات سامنے آنے کے بعد وزیراعظم لز ٹرس کا ایم پیز سے رابطوں کا فیصلہ

لندن (پی اے) ٹوریز میں اختلافات سامنے آنے کے بعد لز ٹرس نے ایم پیز سے رابطوں کا فیصلہ کر لیا۔ رپورٹ کے مطابق لِز ٹرس اس ہفتے ٹوری ایم پیز کے ساتھ لنچ کا ایک سلسلہ منعقد کریں گی کیونکہ وہ اپنی نئی پریمیئر شپ پر بیک بینچ میں بے چینی کو روکنے کی کوشش کر رہی ہیں۔ حکومت کے اقدامات پر بے چینی گزشتہ ہفتے کی پارٹی کانفرنس میں کھل کر سامنے آگئی، جو اندرونی تقسیم کی وجہ سے متاثر ہوئی تھی۔ کابینہ کے وزراء بیک بینچرز سے وزیراعظم کے پیچھے متحد ہونے کی اپیل کر رہے ہیں۔ تعلقات کو ٹھیک کرنے کی کوشش میں انہوں نے قیادت کے اپنے سابق حریف رشی سوناک کے حامی ایم پی کو ایک سرکاری عہدہ دیا ہے۔ کونور برنز کی جگہ گریگ ہینڈز کو وزیر تجارت مقرر کیا گیا ہے، جنہیں بدسلوکی کی شکایت کے بعد گزشتہ ہفتے برطرف کر دیا گیا تھا۔ محترمہ ٹرس گزشتہ ماہ مسٹر سوناک کو لیڈرشپ مقابلے میں شکست دینے کے بعد نمبر 10 میں داخل ہوئیں اور انہیں پہلے ہی متعدد محاذوں پر ممکنہ بغاوتوں کا سامنا ہے۔ پچھلے ہفتے وہ انکم ٹیکس کی اعلیٰ شرح کو اس وقت ختم کرنے کے اپنے منصوبوں کو ترک کرنے پر مجبور ہوگئیں، جب ان کے متعدد ارکان پارلیمنٹ نے اس اقدام کو غیر منصفانہ قرار دیا تھا۔ ٹیکس میں کٹوتی کے منی بجٹ سے مالیاتی منڈیوں میں ہنگامہ برپا کرنے کے بعد انہیں اپنی معاشی ساکھ کی یقین دہانی کے کام کا بھی سامنا ہے۔ پارٹی میں اس خیال پر بھی بے چینی ہے کہ وہ عوامی اخراجات پر لگام لگانے کے لئے مہنگائی کے مطابق کام کرنے کی عمر کے بینیفٹس میں اضافہ نہ کرنے کا فیصلہ کر سکتی ہیں۔ ورک اینڈ پنشن کی وزیر وکٹوریہ پرینٹس نے کہا کہ بینیفٹس کی سطح کے بارے میں فیصلہ اس موسم خزاں کے آخر میں کیا جائے گا۔ انہوں نے بی بی سی ریڈیو 4 کے ٹوڈے پروگرام میں بتایا کہ ’’اس بات پر زور دینا واقعی اہم ہے کہ حکومت نے کسی بھی سطح پر کوئی فیصلہ نہیں کیا ہے لیکن دباؤ جاری ہے۔ سابق چانسلر ساجد جاوید نے کہا کہ ان کا خیال ہے کہ بینیفٹس کو افراط زر کے مطابق رہنا چاہئے۔ انہوں نے گزشتہ روز کہا کہ لوگ ناقابل یقین حد تک مشکل وقت سے گزر رہے ہیں۔ ہم سب اسے اپنی کمیونٹی میں دیکھ سکتے ہیں۔ منگل کو پارلیمنٹ اجلاس شروع ہونے پر وزیراعظم اس ہفتے ملک کے ہر علاقے کے اراکین پارلیمنٹ کے ساتھ پالیسی لنچ کی ایک سیریز کا افتتاح کریں گی۔ اس ہفتے جب وہ بیک بینچ 1922 کمیٹی سے خطاب کریں گی تو وہ ٹوری ایم پیز سے بھی ملنے والی ہیں۔ یہ ملاقاتیں حکومت کی مصروفیات کے چند ہفتوں سے پہلے ہوتی ہیں کیونکہ ان ملاقاتوں کے ذریعے ایم پیز کو اقتصادی ترقی کو فروغ دینے کے لئے اٹھائے گئے اقدامات کا علم ہوتا ہے۔ منصوبہ بندی، امیگریشن اور بچوں کی دیکھ بھال کے قوانین میں تبدیلیاں، دیگر شعبوں کے علاوہ محترمہ ٹرس کی پارلیمانی حمایت کا ابتدائی امتحان ثابت ہو سکتی ہیں۔ ڈاؤننگ سٹریٹ میں پہنچنے کے بعد محترمہ ٹرس نے سوناک کے حامیوں بشمول ڈومینک راب، گرانٹ شیپس اور جارج یوسٹیس کو ان کی کابینہ کے عہدوں سے ہٹا دیا۔ بعد میں انہوں نے اپنے شکست خوردہ حریف کے کچھ حامیوں کو اپنی جونیئر ٹیم میں عہدوں پر مقرر کیا۔ کونور برنز کو سنگین بدتمیزی کی شکایت کے بعد جمعہ کو ان کے وزارتی عہدے سے برطرف کر دیا گیا تھا۔ وہ کسی بھی غلط کام سے انکار کرتے ہیں اور کہتے ہیں کہ وہ اپنی پوزیشن صاف کرنے کے منتظر ہیں۔ بی بی سی کو بتایا گیا ہے کہ مسٹر برنز، جنہیں ٹوری ایم پی کے طور پر بھی معطل کیا گیا تھا، عینی شاہدین نے پارٹی کی کانفرنس کے دوران ایک ہوٹل کے بار میں ایک نوجوان کی ران کو چھوتے ہوئے دیکھا تھا۔

یورپ سے سے مزید