کراچی کے تھانے بھی غیر محفوظ ہو گئے، آرٹلری میدان تھانے کے مال خانے سے 2 کروڑ روپے سے زائد رقم چوری ہو گئی۔
آرٹلری میدان تھانے کے مال خانے میں کیس پراپرٹی کے 2 کروڑ 7 لاکھ 75 ہزار رکھے ہوئے تھے۔
پولیس نے فروری میں ہوئی واردات کے 6 ملزمان کو گرفتار کر کے رقم برآمد کی تھی۔
2 فروری کو داؤد پوتہ روڈ پر سنار سے ڈکیتی میں ساڑھے 3 کروڑ روپے لوٹے گئے تھے۔
برآمدگی کے بعد 4 ماہ سے رقم آرٹلری میدان تھانے کے مال خانے میں رکھی ہوئی تھی، جس کے 2 روز پہلے مال خانے سے غائب ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق 2 کروڑ روپے سے زائد کی رقم تھانے سے کیسے چوری ہوئی اس حوالے سے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔
ایس ایس پی ساؤتھ اسد رضا کے مطابق تھانے کے ہیڈ محرر عبداللّٰہ، تفتیشی افسر محمود اور ڈیوٹی گارڈ سے پوچھ گچھ کر رہے ہیں۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ تینوں اہلکاروں کے خلاف مجرمانہ غفلت کا مقدمہ درج کیا جا رہا ہے۔