گزشتہ روز کراچی کے علاقے نارتھ کراچی کے مکان سے کینیڈین شہریت کے حامل بزرگ میاں بیوی کی تشدد زدہ لاشوں کا پوسٹ مارٹم مکمل کرلیا گیا ہے۔ مقتولین کے سروں پر چوٹوں کے نشانات پائے گئے ہیں، شبہ ہے کہ دونوں کو کسی وزنی چیز سے وار کرکے قتل کیا گیا۔
نارتھ کراچی سیکٹر الیون سی ون کے مکان سے گزشتہ روز کینیڈین بزرگ میاں بیوی کی لاشیں ملی تھیں۔ واقعے کا مقدمہ مقتول محمد یامین کے بھائی محمد انور کی مدعیت میں نامعلوم ملزمان کے خلاف درج کیا گیا ہے۔
ایف آئی آر کے متن کے مطابق کے مطابق مقتول محمد یامین اور ان کی اہلیہ نفیس اختر حال ہی میں کینیڈا سے اپنا مکان فروخت کرنے آئے تھے۔ مقتول کے مکان میں ان کی بہن رہ رہی تھیں، تاہم مالکان نے گھر خالی کرواکے اس کی مرمت کا کام کروانا شروع کیا تھا۔
مقتول کے بھائی کے مطابق گزشتہ روز صبح ان کی بھابھی کے بھائی رضوان کا فون آیا کہ وہ یامین کے گھر کے باہر موجود ہے، مگر کوئی دروازہ نہیں کھول رہا۔ شام کو ڈپلیکیٹ چابی کے ذریعے گھر کا دروازہ کھول کر اندر داخل ہوئے تو ٹی وی لاؤنج کے فرش پر بھائی اور بھابھی کی خون میں لت پت لاشیں پڑی تھیں۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔ گھر میں مرمت کا کام کرنے والے مزدوروں کے علاوہ اطراف میں موجود مزدوروں سے بھی پوچھ گچھ کی جارہی ہے۔ گھر سے ڈکیتی کے شواہد نہیں ملے، مقتولین کراچی میں اپنا مکان فروخت کرنے واپس آئے تھے۔