کورین پاپ بینڈ ’بی ٹی ایس‘ کے تمام ممبرز 15 اکتوبر کو بوسان میں اپنے آخری کنسرٹ کے لیے اکٹھے ہوئے۔
جنوبی کوریا کے پورٹ سٹی بوسان میں بی ٹی ایس کے تمام ممبرز نے اپنی شاندار پرفارمنس کے بعد اپنے مداحوں کو طویل عرصے کے لیے الوداع کہہ دیا ہے۔
عالمی شہرت یافتہ کورین پاپ بینڈ ’بی ٹی ایس‘ نے میوزک سے طویل عرصے کے لیے بریک کیوں لیا؟
کورین پاپ بینڈ ’بی ٹی ایس‘ کے تمام ممبرز نے جنوبی کوریا کے قانون کے تحت اپنے لازمی فوجی فرائض سرانجام دینے کے لیے میوزک سے بریک لیا ہے۔
بینڈ کی انتظامیہ نے پیر کو اعلان کیا ہے کہ بی ٹی ایس کو لازمی فوجی سروس سے استثنیٰ دینے کے حوالے سے شروع ہونے والی بحث کا مؤثر انداز سے اختتام ہوگیا ہے۔
بینڈ کی انتظامیہ کا کہنا ہےکہ بینڈ کے سب سے پرانے ممبر، اس ماہ کے آخر میں اپنی بھرتی میں تاخیرکے حوالے سے دائر کی گئی اپنی درخواست کو منسوخ کردیں گے اور جلد ہی بھرتی کے لیے ضروری اقدامات اٹھائیں گے۔
مالیاتی ریگولیٹرز کو کمپنی کی جانب سے دیے گئے نوٹس کے مطابق، بینڈ کے دیگر 6 ممبرز بھی فوج میں اپنی خدمات انجام دینے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق، بینڈ ممبرز کے اس فیصلے سے ممکنہ طور پر کمپنی کے سرمایہ کاری کے فیصلے متاثر ہوسکتے ہیں۔
کمپنی نے ٹوئٹر پر جاری کردہ اپنے ایک اور بیان میں لکھا ہے کہ ’کمپنی اور بی ٹی ایس کے تمام ممبران اپنی خدمت کے عزم کے بعد 2025ء کے قریب بطور بینڈ اپنی واپسی کے منتظر ہیں‘۔