• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہائی سٹریٹ کی واؤچر سکیم حاملہ خواتین کی سگریٹ نوشی روکنے میں کامیاب

لندن (پی اے) برٹش میڈیکل جرنل میں شائع ہونے والی ایک رپورٹ کے مطابق ہائی اسٹریٹ کی وائوچر سکیم حاملہ خواتین کی سگریٹ نوشی روکنے میں کامیاب ثابت ہوئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق برطانیہ کی سگریٹ نوشی کرنے والے ایک ہزار حاملہ خواتین کو سگریٹ نوشی سے روکنے کیلئے تجربات کئے گئے، اس تجربے کے دوران نصف خواتین کو ترک سگریٹ نوشی کیلئے دیکھ بھال کیلئے معیاری سروس فراہم کی گئی۔ بقیہ نصف خواتین کو معمول کی والدین کی دیکھ بھال کی سہولت کے ساتھ ہائی اسٹریٹ کی Love2 دکان کے400 پونڈ کے وائوچر دیئے گئے، یہ وائوچر حاصل کرنے والی 26.8فیصد خواتین بچے کی پیدائش تک سگریٹ نوشی ترک کرچکی تھیں جبکہ دوسرے گروپ کی صرف 12.3 فیصد خواتین نے سگریٹ نوشی ترک کی۔ گلاسگو یونیورسٹی کے پروفیسر ڈیوڈ ٹیپن کا کہنا ہے کہ اس سٹڈی سے ظاہر ہوا کہ ہائی سٹریٹ کی جانب سے وائوچر کی پیشکش دوسری ترکیبوں کے مقابلے میں ترک سگریٹ نوشی کیلئے دوگنا موثر اور کارگر ثابت ہوئی ہے۔ جس کی وجہ سے این ایچ ایس کے اخراجات میں طویل المیعاد بنیادوں پر کمی ہوگئی۔ انھوں نے کہا کہ حاملہ سگریٹ نوشوں کی اکثریت کا تعلق کم آمدنی والے طبقے سے ہوتا ہے اور وہ سگریٹ نہ خرید کر 70 سے 100 پونڈ تک فی ہفتہ کی بچت کرسکتی ہے، یہ رقم نوزائیدہ بچے کی فیڈنگ پر خرچ کرسکتی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ہمیں توقع ہے کہ ہماری اس سٹڈی سے بڑی تعداد میں حاملہ خواتین کو سگریٹ نوشی ترک کرنے کی ترغیب دی جاسکتی ہے۔ گلاسگو یونیورسٹی کے ساتھ ایڈنبرا یونیورسٹی، کوئنز یونیورسٹی بلفاسٹ اور سٹرلنگ اور یارک کی یونیورسٹیوں نے سکاٹ لینڈ، انگلینڈ اور شمالی آئرلینڈ میں 7 مختلف مقامات پر اس سٹڈی میں حصہ لیا اور نکوٹین سیلویا ٹیسٹ کے ذریعہ نتائج کی تصدیق کی۔ سٹڈی میں حصہ لینے والی خواتین کے حمل کے 34 ویں اور 38 ویں ہفتے کے دوران یہ ٹیسٹ لئے گئے۔ دونوں گروپوں کی سگریٹ نوشی ترک کرنے والی خواتین بچے کی پیدائش کے بعد اس عادت میں دوبارہ مبتلا ہوگئیں لیکن یہ دیکھنے کیلئے کہ ماں بننے والی خواتین سگریٹ نوشی ترک کرنے پر قائم رہتی ہیں یا نہیں، بچے کی پیدائش کے بعد 12 مہینے تک وائوچر دینے پر غور کیا جا رہا ہے۔ ریسرچرز کا کہنا ہے کہ حمل کے دوران سگریٹ نوشی سے صحت پر بہت منفی اثرات پڑتے ہیں اور ماں اور بچے دونوں کی موت کا خطرہ بھی پیدا ہوجاتا ہے۔ بچہ ہسپتال میں داخل ہونے والے 7فیصد بچے سانس کے مرض میں مبتلا ہوتے ہیں، 20فیصد بچے مر جاتے ہیں اور 30 فیصد کا پیدائشی وزن اوسط سے کم ہوتا ہے۔ برطانیہ سمیت مختلف ممالک میں دوران حمل سگریٹ پینے والی خواتین کی شرح بتدریج کم ہو رہی ہے اور ان کی شرح 30.5 فیصد سے کم ہو کر 14.6 فیصد ہوگئی ہے۔
یورپ سے سے مزید