لندن (زاہد انور مرزا)چیئرمین او پی ایل اور رہنما پاکستان مسلم لیگ ن گوجرخان چوہدری محمد اشتیاق نے لندن میں مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف ، نائب صدر مسلم لیگ ن مریم نواز شریف سے ملاقات کی اور مریم نواز شریف کوسالگرہ کی مبارکباد دی اورگلدستہ پیش کیا اور ان پر بنائے گئے بے بنیاد کیسز سے باعزت بری ہونے پر مبارکباد پیش کی۔اس موقع پر میاں نواز شریف اور مریم نواز شریف سے پاکستان کی موجودہ صورتحال پر سیر حاصل گفتگو کی اور مستقبل کے حوالے سے گوجرخان کی سیاست بھی زیر بحث آئی، میاں نواز شریف اور مریم نواز شریف نے مہنگائی مارچ کے دوران پُرتپاک استقبال کرنے پر اہلیان گوجرخان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پارٹی کے ساتھ مشکل وقت میں کھڑے رہنے والے کارکن اور رہنما ہی ہمارا سرمایہ ہیں اور مستقبل میں پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں کی رائے کو مدنظر رکھ کر فیصلے کیے جائیں گئے، اس موقع پر میاں نواز شریف اور مریم نواز شریف نے پی پی 5راولپنڈی سے ضمنی الیکشن میں مسلم لیگ ن کے امیدوار کو کامیاب کرانے پر اہلیان کلرسیداں ، کہوٹہ کا شکریہ ادا کیا اور اشتیاق چوہدری کی الیکشن کمپین کی بھی تعریف کی۔ اشتیاق چوہدری نے پارٹی کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور کہا کہ قوم میاں نواز شریف کی منتظر ہے اور مسلم لیگ ن گوجرخان ہمیشہ کی طرح قائد مسلم لیگ کی آواز پر لبیک کہے گی اور کارکن قائد مسلم لیگ میاں نواز شریف،مریم نواز شریف ، وزیراعظم پاکستان میاں شہباز شریف کا پیغام گھر گھر پہنچائیں گے اور وہ پارٹی کی مضبوطی میں اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے ۔