• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’’کلر‘‘ ملر کی جارحانہ بیٹنگ، جنوبی افریقا نے بھارت کو ہرادیا

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ڈیوڈ ملر بھارتی بولنگ کے کلر بن گئے، ان کے لاٹھی چارج کی بدولت ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں جنوبی افریقا نے بھارت کوپانچ وکٹ سے شکست دے دی ۔ ادھرگروپ ٹو کے میچ میں بنگلہ دیش نے زمبابوے کو 3 رنز سے زیر کیا۔ پرتھ میں اتوار کو جنوبی افریقا نے دو گیند پہلے کامیابی حاصل کی۔ ڈیوڈ ملر نے46 گیندوں پر تین چھکوں اور چار چوکوں کی مدد سے59ناٹ آؤٹ رنز بنائے۔ بھارت نے9 وکٹ پر133رنزبنائے تھے۔ جنوبی افریقا کے فاسٹ بولر لنگی انگیڈی نے29رنز کے عوض 4 وکٹیں حاصل کیں، بھارتی کپتان روہت شرما 15، کےایل راہول 9، ویرات کوہلی12اور ہاردیک پانڈیا صرف2رنز بنا کر ان کا شکار بنے۔ سوریا کمارنے40گیندوں پر68رنز اسکورکرکے بھارتی مجموعے کو133 رنز تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا، جنوبی افریقا کی جانب سے وائن پارنیل نے بھی تین وکٹیں حاصل کیں۔ ابتدا میں جنوبی افریقی ٹیم مشکلات کا شکار رہی دو اہم وکٹیں10سے قبل ہی گر گئیں،24کے مجموعے تک کپتان ٹیمبا باووما بھی پویلین لوٹ گئے۔ ایڈن مارکرم اور ڈیوڈ ملر نے76رنز جوڑ کر ٹیم کو جیت کے قریب کردیا۔ ڈیوڈ ملر نے ایشون کودو لگاتار چھکے لگا کر اپنی ٹیم کو اہم جیت دلوائی۔ دوسری جانب بر سبین میں151رنز کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے زمبابوین ٹیم8 وکٹ پر147رنز بنا سکی۔ تسکین احمد نے3،مصدق حسین اور مستفیض الرحمان نے دو دو وکٹیں لیں۔ بنگلہ دیش نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے7وکٹ پر150رنز بنائے۔ اوپنر نجم الحسین71رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ عفیف حسین29اور شکیب الحسن نے23رنز بنائے بلیسنگ موزارابانی اور رچرڈ گراوا نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔ آخری اوور کی تیسری گیند پر جب زمبابوے کو جیت کے لیے5رنز درکار تھے تو وکٹ کیپر نور الحسن نے دونوں کو اسٹمپ کردیا یوں ابتدائی طور پر بنگلہ دیش کے چار رنز سے فتح یاب ہونے کا اعلان ہوا مگر امپائر نے ٹی وی ری پلے کے بعد گیند کو نو بال قرار دے کر میدان سے واپس لوٹ جانے والے بیٹرکو واپس بلا لیا۔ میدان میں واپس آئے تو آخری بال جو کہ فری ہٹ تھی اس پر زمبابوے کو صرف چار رنز درکار تھے تاہم بیٹر اس موقع سے فائدہ نہیں اٹھا سکے۔ ریان برل 27 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ تسکین احمد کو شاندار بولنگ کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

اسپورٹس سے مزید