اسلام آباد (محمد صالح ظافر /خصوصی تجزیہ نگار)بے ترتیب جلوس پر مشتمل لانگ مارچ اب چوتھے روز میں داخل ہونے و الا ہے اور تاحال لاہور کےمضافات سے باہر نہیں نکل سکا اس سورج مکھی لانگ مارچ کو ہر روز شروع کیا جاتا اور چلایا جاتا ہے خوانچہ فروشوں کی طرح دن چڑھے تحریک انصاف کےسربراہ آنکھ کھلنے کےبعد اپنی پر آسائش اقامت گاہ سے نکلتے ہیں اور یاتریوں کے غول سے آن ملتے ہیں جو خود بھی شام کے دھندلکوں میں غائب ہونے کے بعد دوسرے دن نمودار ہوتے ہیں.
اس دوران انکی تفریح طبع کے لئے راگ و رنگ کا ماحول ترتیب دیدیا جاتا ہے جوشیلےا ور بھڑکیلے گیتوں کی بھرمار ہوتی ہے بعض منچلے اور منچلیاں اپنے تھرکنے کا شوق بھی اسی اثناء میں پورا کرلیتے ہیں ہر طرح کے تاثر سے عاری یہ بے ہنگم جلوس ظاہر کرتا ہے کہ تحریک انصاف کو ڈرل ماسٹر کی خدمات حاصل نہیں رہیں۔
جلوس میں شامل قیادت کی شجاعت کا یہ عالم ہے کہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ مارچ دن کے اجالے میں جنبش کرے گا اندھیرے اور تاریکی میں یہ ساکت و جامد رہےگا۔