اولڈہم (پ ر) پاسبان صحابہ برطانیہ کے چیئرمین محمد عمر توحیدی نے کہا ہے کہ ایڈیلیڈ اوول کرکٹ گراونڈ میں انڈیا کے خلاف سیمی فائنل میچ میں 10وکٹوں کی تاریخی اور ریکارڈ ساز فتح پر ہم انگلینڈ کے شائقین کرکٹ اپنی انگلینڈ کرکٹ ٹیم کو خوشی کے اس موقع پر مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ ورلڈ کپ 2022ء کے دوسرے سیمی فائنل کے اختتام پر گفتگو کرتے ہوئے عمر توحیدی نے کہا کہ میں عرصہ 34سال سے انگلینڈ کی سرزمین پر اپنا رزق کما رہا ہوں، یہاں مجھے حصول روزگار کے مواقع میسر ہیں اور مجھے اپنے دینی فرائض کی انجام دہی میں بھی کوئی رکاوٹ نہیں، انصاف میسر ہے، شہری حقوق حاصل ہیں، چادر اور چار دیواری کو تحفظ دیا جاتا ہے، اس بناپر اتوار کو میری ہمدردیاں انگلش کرکٹ ٹیم کے ساتھ ہیں اور شائقین کرکٹ کو یقین ہے کہ اگر مطلع صاف رہا تو اتوار کے دن میلبورن کرکٹ گراؤنڈ میں ایک شاندار کرکٹ دیکھنے کو ملے گی، جہاں طاقت اور دعائیں آمنے سامنے ہوں گی کیوں کہ انگلینڈ فائنل میں اپنی جدوجہد اور بہترین پرفارمس کی بدولت پہنچا ہے جب کہ پاکستان نے دعاؤں کی وجہ سے فائنل تک رسائی حاصل کی ہے۔ عمر توحیدی نے کہا کہ میلبورن کے اسی کرکٹ گراؤنڈ میں 1992ء کو پاکستان نے ایک سخت مقابلے کے بعد انگلینڈ سے فائلن جیت کر ورلڈ کپ کا ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔ انگلینڈ کی موجودہ ٹیم ہر لحاظ سے پاکستان سے بہتر اور مضبوط ہے۔ اتوار کو اس کے لیے اچھا موقع ہے کہ وہ 1992ء کے ورلڈ کپ فائنل کا بدلہ لے سکے۔