راولپنڈی،لاہور(نمائندہ جنگ،مانیٹرنگ سیل)لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بینچ کے جسٹس مرزا وقاص رؤف نے راولپنڈی میں راستوںکی بندش سے شہریوں کے بنیادی حقوق متاثر ہونے کیخلاف مختلف رٹ پٹیشنز پر چیئر مین پی ٹی آئی عمران خان، جنرل سیکرٹری اسد عمر،وفاقی سیکرٹری داخلہ، چیف سیکرٹری پنجاب،آئی جی پنجاب سمیت دیگر کو نوٹسز جاری کرکے جواب طلب کرلیا۔ جسٹس مرزا وقاص نے کہا کہ لوگوں کو یرغمال بنایا گیا، بچے بچیاں گھنٹوں گھروں میں نہ پہنچے،سوچاانکے والدین پر کیا گزری ہوگی،سڑکیں بند کرنے پر کیا ایکشن لیا،چند جتھے جب چاہیں آئیں جو کہیں ہم وہ کریں، تمام افسر فرائض کی ادائیگی میں ناکام رہے، کمشنر، ڈپٹی کمشنر راولپنڈی، آر پی او، سی پی او تفصیلی رپورٹ جمع کرائیں، سڑکیں کتنی جگہوں سے بند تھیں، آپ نے کیا ایکشن لیا۔عدالت عالیہ نے راولپنڈی کے انتظامی و پولیس افسران پر سخت اظہار برہمی کرتے ہوئے حکم دیا کہ عوام کے بنیادی حقوق کی بحالی میں آپ نے کیا کردار ادا کیااسکے بارے میں رپورٹ جمع کرائیں پھر عدالت دیکھے گی۔ عدالت عالیہ نے ہدایت کی کہ آئی جی موٹروے رپورٹ دیں اور آئندہ پیشی پر پیش ہوں،وزارت داخلہ کے جوائنٹ سیکرٹری عہدہ کا کوئی افسر بھی پیش ہو، راجہ خالد محمود نے ملک صالح ایڈووکیٹ ،شیخ حفیظ صدر انجمن تاجران راولپنڈی کینٹ نے کرنل ریٹائرڈ انعام الرحیم ایڈووکیٹ کے زریعے جبکہ پیپلز پارٹی کے ملک خالد نواز بوبی اور چوہدری عبدالرحمن توکلی نے اسد عباسی ایڈووکیٹ کے ذریعے سڑکوں اور تعلیمی اداروں کی بندش اور بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر عدالت عالیہ سے رجوع کیا ہوا تھا۔