کراچی (اسٹاف رپورٹر)عید الاضحی کے موقع پر پبلک ٹرانسپورٹ میں زائد کرایہ وصولی اور اوورلوڈنگ کے خلاف موٹروے پولیس نے 31 لاکھ 64ہزار روپے سے زیادہ رقم مسافروں کو واپس کروا دی، جب کہ اوورلوڈنگ کرنے پر ایک کروڑ 81 لاکھ روپے سے زائد جرمانہ عائد کیا گیا۔ نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کے ترجمان کے مطابق ملک کے مختلف شہروں میں مسافروں سےزائد کرایہ وصولی کی شکایات پر مسافرگاڑیوں کی سخت چیکنگ کی جارہی ہے، نیز موٹر ویز اور ہائی ویز پر روڈ سیفٹی بریفنگ کا بھی سلسلہ جاری ہے ۔ترجمان نے اپیل کی کہ سفر کے دوران ڈرائیورز سیٹ بیلٹ کا استعمال کریں، حد رفتار کا خیال رکھیں، تھکاوٹ کی صورت میں ہرگز ڈرائیو نہ کریں اور ٹریفک قوانین پر عمل پیرا رہیں ۔جب کہ اوور لوڈنگ اوور چارجنگ یا کسی بھی قسم کی شکایت یا مدد کے لیے موٹروے پولیس ہیلپ لائن 130 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے ۔