اسلام آ باد(پی پی آ ئی) تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے ارکان اسمبلی سپریم کورٹ میں کل ایک درخواست دائر کریں گے جس میں عمران خان پر حملے کی تحقیقات سمیت چار مطالبے کیے جائیں گے۔اسلام آباد لاہور، پشاور اور سندھ میں سپریم کورٹ کی رجسٹریوں میں درخواست دائر کریں گے، اعلی عدلیہ پر ذمہ داری ہے کہ شنوائی کریں،پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی نے پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ ’ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ پ کل ہم تمام ارکان قومی و صوبائی اسمبلی صبح سپریم کورٹ کی رجسٹری کے باہر جمع ہوں گے اور ایک درخواست چیف جسٹس صاحب کو پیش کریں گے۔اسلام آباد کے علاوہ لاہور، پشاور اور سندھ میں سپریم کورٹ کی رجسٹریوں میں درخواست دائر کریں گے۔ اعلی عدلیہ کے سامنے یہ معاملہ رکھ رہے ہیں۔ عمران خان سمجھتے ہیں عدلیہ پر ذمہ داری ہے کہ شنوائی کریں۔شاہ محمو د نے کہا کہ تحریک انصاف اس درخواست میں چار مطالبات کرے گی۔یہ کہ سینیٹر اعظم سواتی کو انصاف دیا جائے۔ارشد شریف کے ساتھ کیا ہوا اور کس نے کیا، قوم جاننا چاہتی ہے۔ سوال یہ ہے کہ ان کا لیپ ٹاپ اور فون کن کے پاس ہے۔سائفر کے بارے میں تحریک انصاف کا مؤقف واضح ہے۔ ہم توقع کرتے ہیں اس سنجیدہ مسئلے کی تہہ تک پہنچا جائے۔عمران خان پر حملے کی تحقیقات کرائی جائیں۔ عمران خان نے تین حضرات پر الزام لگایا ہے، جب تک وہ عہدوں پر برقرار رہیں گے تب تک تحقیقات شفاف و غیر جانبدارانہ کیسے بنے گی۔