• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بریڈفورڈ میں پاکستان پیپلز پارٹی کے یوم تاسیس پر تقریب کا انعقاد

بریڈفورڈ(زاہدانور مرزا)بھٹو شہید ایوارڈ کمیٹی کے چیف آرگنائزر اور پاکستان پیپلز پارٹی بریڈ فورڈ کے صدر آصف نسیم راٹھور کی زیر سرپرستی بریڈفورڈ میں پاکستان پیپلز پارٹی کے55ویں یوم تاسیس کی تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں علامہ قاری محمد عباس، چوہدری محمد نذیر، بلال خان درانی،ملک محمد افضل،چوہدری لیاقت علی نے شرکت کی۔ صدر مذہبی اُمور پاکستان پیپلز پارٹی برطانیہ علامہ قاری محمد عباس نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھٹو خاندان نے استحکام پاکستان اور جمہوریت کی بقا کیلئے لازوال قربانیاں دیں اور پیپلز پارٹی نے ہمیشہ آمروں اور ڈکٹیٹروں کے خلاف جنگ کی ذوالفقار علی بھٹو کے مشن اور نظریئے کو زندہ کرتے ہوئے غریب اور نادار لوگوں کو جمہوری شعور دیا تاکہ وہ اپنے حقوق کیلئے آواز بلند کرسکیں، اُنہوں نے کہا کہ بھٹو خاندان کی قربانیا پیپلز پارٹی پر قرض ہیں، بھٹو شہید نے جب پارٹی کی بنیاد رکھی تھی تو انہوں نے پسے ہوئے طبقے کو آواز دی،آج ہمیں پھر ذوالفقار علی بھٹو شہید کے ویژن کو زندہ کرتے ہوئے غریب اور نادار لوگوں کو روٹی، کپڑا اور مکان دینا ہو گا، پیپلز پارٹی نے ہمیشہ آمریت کے خلاف جنگ لڑی ہے۔ آصف نسیم راٹھور نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے قائد ذوالفقار علی بھٹو نے پاکستان کو متفقہ آئین دیا، پاکستان کو ایٹمی قوت بنایا،مزدوروں ،محنت کشوں اور ہاریوں کے حقوق کیلئے قانون سازی سمیت متعدد ترقیاتی کام کئے،انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے جو ملک کیلئے قربانیاں دی ہیں تاریخ میں اس کی مثال نہیں ملتی، جب بھی قربانیوں کا ذکر آئے گا قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو سے لے کر شہید محترمہ بے نظیر بھٹو تک اس خاندان کی قربانیوں کو فراموش نہیں کیا جا سکے گا۔ پیپلز یوتھ برطانیہ کے نائب صدر بلال درانی نے کہا قائد اعظم محمد علی جناح کے بعد شہید بھٹو جیسا مدبر و مفکر اور ملک کا خیر خواہ و مربی کوئی لیڈر آج تک پیدا نہیں ہوا، شہید ذوالفقار علی بھٹو جس وقت زندہ تھے تو انتہائی کرشماتی شخصیت بن کر ابھرے اور جب اس دنیا سے گئے تو تاریخ کی کتابوں اور لوگوں کے دلوں میں افسانہ بن کر زندہ و جاوید ہو گئے۔چوہدری محمد نذیر نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی وہ واحد پارٹی ہے جس کے قائدین اور کارکنوں نے ملک کی ترقی اور جمہوریت کی بقا کیلئے بے شمار قربانیاں دیں، اسی لئے شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بے نظیر بھٹو آج بھی عوام کے دلوں میں زندہ ہیں۔ تقریب کے آخر میں پیپلز پارٹی کی 55ویں سالگرہ کا کیک کاٹا گیا۔ 
یورپ سے سے مزید