• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

غیر قانونی تعمیرات پر فریقین سے 15 روز میں رپورٹ طلب

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) سندھ ہائی کورٹ نے اعظم بستی کے علاقے میں غیر قانونی تعمیرات کے خلاف درخواست پر فریقین کو 15روز میں تحریری رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیدیا۔ جسٹس ندیم اختر کی سربراہی میں دو رکنی بینچ کے روبرو اعظم بستی کے علاقے میں غیر قانونی تعمیرات کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی۔ درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ اعظم بستی میں چھوٹے چھوٹے پلاٹس پر غیر قانونی طور پر کثیرالمنزلہ عمارتیں تعمیر کی جارہی ہیں۔ ایس بی سی اے، پولیس اور دیگر حکام خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔ جسٹس ندیم اختر نے استفسار کیا کہ کون تعمیرات کررہا ہے؟ درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ عامر نامی بلڈر نے غیر قانونی طور سات منزلہ عمارت کھڑی کردی۔ عدالت نے کہا کہ ایس بی سی اے یا کسی اور اداروں کو شکایت نہیں کی؟ درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ ایس بی سی اے، ڈی سی اور دیگر کو درخواست دینے کے باوجود کارروائی نہیں کی گئی۔ عدالت نے ایس بی سی اے اور دیگر فریقین سے رپورٹ طلب کرلی۔ عدالت نے فریقین کو 15 روز میں تحریری رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیدیا۔
شہر قائد/ شہر کی آواز سے مزید