کوئٹہ(خ ن)رکن صوبائی اسمبلی میر حمل کلمتی نے گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی گورننگ باڈی کے اجلاس میں گورننگ باڈی کے چیئرمین وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کی جانب سے گوادر کی ترقی کے منصوبوں کی منظوری پر ان کا شکریہ ادا کیاہے۔یہاں جاری ایک بیان میں انہوں نے وزیراعلیٰ بلوچستان کے گوادر کی ترقی کے وژن اور عزم کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ نے اجلاس کے دوران جس طرح سے گوادر کے عوام کے حقوق و مفادات کے تحفظ کو یقینی بنانے کے عزم کا اظہار کیا وہ گوادر کے عوام کیلئے باعث حوصلہ و تقویت ہے کیونکہ وزیراعلیٰ نہ صرف گوادر کو ترقی یافتہ دیکھنا چاہتے ہیں بلکہ وہ اس ضمن میں عملی اقدامات پر بھی مکمل یقین رکھتے ہیں اس تناظر میں وزیراعلیٰ نے اجلاس میں جی ڈی اے حکام کو گوادر اولڈ ٹاؤن، سربندر، اور پشکان کی ترقی کے ماسٹر پلان بنانے کی ہدایت کے ساتھ ان علاقوں کو نیو گوادر سٹی کی طرح ترقی یافتہ بنانے کی واضح ہدایت کی ہے جبکہ انہوں نے ماہی گیروں کےلیے رہائشی کالونی کے منصوبے کو عملی جامہ پہناتے ہوئے اس کی جلد تکمیل اور مکانوں کی بلا معاوضہ ماہی گیروں کو فراہمی کی ہدایت بھی کی ہے جس پر میں گوادر کے ماہی گیروں عوام اور اپنی جانب سے وزیراعلیٰ کا شکریہ ادا کرتاہوں گوادر کے عوام کو یقین ہے کہ وزیراعلیٰ میر القدوس بزنجو کی کاوشوں سے گوادر کے باسیوں کے مسائل حل ہوں گے اور وہ گوادر کی ترقی کے عمل میں ایک مضبوط شراکت دار کے طور پر شامل ہوں گے اور ان کا اعتماد پختہ ہوگا ۔