• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ کی کامیابی بیرون ملک پاکستانیوں کے اعتماد کا مظہر ہے، مسعود خان

واشنگٹن (نیوز ڈیسک)امریکہ میں سفیر پاکستان مسعود خان نے کہا ہے کہ روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ کی جانب بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کا مثبت رجحان ان کے جذبہ حب الوطنی اور ملک پر اعتماد کی غمازی کرتا ہے ، ہم بیرون ملک مقیم پاکستانیوں اور اپنے مالی اداروں کے درمیان اعتماد کے اس رشتے کو مزید مستحکم کرنے اور تارکین وطن کو اپنے ملک میں مالی ضروریات پورا کرنے کے حوالے سے آسان سہولیات فراہم کے لئے پرعزم ہیں۔ سفیر پاکستان مسعود خان نے یہ بات امریکہ میں روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ کے فروغ کے حوالے سے بنک الحبیب اور واشنگٹن میں پاکستانی سفارتخانے کی جانب سے ویبینار سے خطاب کرتے ہوئے کی۔ ویبینار کا مقصد روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ کے حوالے سے امریکہ میں مقیم پاکستانیوں کو معلومات فراہم کرنا اور اس اقدام کو مزید کامیاب بنانا تھا۔شرکا ء کو بتایا گیا کہ روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ جو کہ ستمبر 2020میں شروع کیا گیا تھا ، کے تحت اب تک 175 ممالک میں 485,873 اکاؤنٹ کھل چکے ہیں جن میں 5.30 بلین امریکی ڈالر کی رقم جمع کرائی جا چکی ہے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ نیا پاکستان سرٹیفکیٹس میں 3.34 بلین امریکی ڈالر جمع کئے ہوئے ہیں جبکہ ذاتی ادائیگیاں جو کہ مختلف شراکت دار بینکوں میں جمع کرائی گئی ان کا حجم 1.96 بلین امریکی ڈالر ہے۔اس موقع پر معروف کرکٹ سٹار شاہد خان آفریدی، چیئرمین شاہد آفریدی فاؤنڈیشن، سید عرفان علی منیجنگ ڈائریکٹرسٹیٹ بینک آف پاکستان،منصور علی خان چیف ایگزیکٹو بینک الحبیب اور بینک کے دیگر سینئر عہدیداران نے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ شاہد خان آفریدی نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے اوورسیز پاکستانیوں کی جانب سے ان کی فاؤنڈیشن کے لئے مسلسل تعاون پر شکریہ ادا کیا اور زور دیا کہ وہ روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ کے اقدام کو مزید کامیاب بنائیں ۔ہیوسٹن، نیویارک، شکاگو اور لاس اینجلس میں تعینات پاکستان کے قونصل جنرلز نے شرکا کو آر ڈی اے کے تحت پاکستانی کمیونٹی کے رجحان اور تاثرات سے آگاہ کیا اور مختلف شعبوں کی نشاندہی کی جہاں شریک بینک اور سٹیٹ بینک آف پاکستان سمندر پار پاکستانیوں کو مزید سہولت فراہم کرنے کے لیے کام کر سکتے ہیں۔قنبر علی ہیڈ آر ڈی اے بینک الحبیب نے حاضرین کو روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ، اس کی پروڈکٹ لائنز اور صارفین کو فراہم کی جانے والی سہولیات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے کہا کہ روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ پروڈکٹس میں نیا پاکستان سرٹیفکیٹس، روشن اپنی کار، روشن ایکویٹی انویسٹمنٹ، روشن سماجی خدمت، روشن اپنا گھر اور روشن میوچل فنڈز شامل ہیں ۔انہوں نے کہا کہ بینک الحبیب نے روشن پنشن پلان بھی متعارف کرایا ہے جس کے تحت ایک فرد ریٹائرمنٹ کے بعد باقاعدہ آمدنی کو یقینی بنانے کے لیے موجودہ آمدنی سے بچت کرتا ہے۔ سفیر پاکستان مسعود خان نے روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس کے بارے میں معلوماتی ویبینار منعقد کرنے پر بینک الحبیب کی انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستانی نژاد امریکی سب سے زیادہ متحرک اور بااثر کمیونٹیز میں شامل ہیں جو پاکستان کی سماجی و معاشی ترقی میں ہمیشہ صف اول میں ہوتے ہیں ۔

یورپ سے سے مزید