اسلام آباد (نمائندہ جنگ) بھارتی انتہاپسند ہندو جماعت کے رہنما نے دھمکی دی ہے کہ وہ پاکستان کی بلاک بسٹر فلم ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ کو بھارت میں ریلیز نہیں ہونے دیں گے۔ ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ کو پاکستان سمیت دنیا بھر میں 13 اکتوبر کو ریلیز کیا گیا تھا اور فلم نے محض ایک ماہ میں دنیا بھر سے 200 کروڑ روپے کی کمائی کی تھی، یہ پنجابی زبان کی بھی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلم بنی تھی۔’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ کو بھارت کے علاوہ خطے دیگر متعدد ممالک میں ریلیز کیا گیا تھا، تاہم امکان تھا کہ اسے بھارتی ریاست پنجاب میں بھی نمائش کے لیے پیش کیا جائے گا۔ لیکن ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ کو بھارت میں ریلیز کرنے سے قبل ہی وہاں کے ہندو انتہاپسند رہنما نے دھمکی دے دی۔ ’نئی دہلی ٹیلی وژن‘ کے مطابق مہاراشٹر نونرمان سینا کے رہنما امیہ کھوپکر نے پاکستانی فلم کے خلاف ٹوئٹ کی اور اعلان کیا کہ ان کی جماعت پاکستانی فلم کو بھارت میں ریلیز نہیں ہونے دے گی۔