کراچی (اسٹاف رپورٹر) شارع فیصل پر بینک سے رقم لیکر آنے والے شخص سے لوٹ مار کرنے والا ڈاکو سیکورٹی گارڈ کی فائرنگ سے ہلاک ہوگیا جبکہ شاہراہ نور جہاں میں شہریوں کی فائرنگ اور تشدد سے ایک ڈکیت ہلاک اور ایک زخمی ہو ا تفصیلات کے مطابق شارع فیصل بلوچستان ہائوس کے قریب شہری بینک سے رقم لیکر منی ایکسچینج کے قریب پہنچا تو دو ملزمان نے5 لاکھ 40 ہزار روپے کی رقم چھین لی، پولیس کے مطابق ٹائی لگائے ڈاکوؤں نےمزاحمت پر فائرنگ کی جس پر وہاں موجود سیکورٹی گارڈ سلیم اختر زخمی ہو گیا تاہم سیکورٹی گارڈ نے بھی جوابی فائرنگ کی جس سے ایک ملزم گولی لگنے سے زخمی ہو کر گر پڑا اور بعد ازاں موقع پر ہلاک ہوگیا،گولیاں لگنے سے متعدد گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا،ایس ایچ او عظمیٰ خان کے مطابق لوٹی گئی رقم میں سے 2 لاکھ 40 ہزار روپے برآمد کر لئیے گئے ہیں جسے شہریوں نے اٹھا کر مدعی کے حوالے کیا جبکہ خدشہ ہے کہ باقی رقم دوسرا ملزم لیکر فرار ہو گیا ہے،ایس ایچ او کے مطابق ہلاک اور فرار ہونے والے ملزمان نے پینٹ شرٹس پہنی ہوئی جبکہ کوٹ پر ٹائی بھی لگا رکھی تھیں ، ملزم کے قبضے سے 3 جدید پستول برآمد ہوئے ہیں،ہلاک ملزم کی شناخت سید حماد کے نام سے ہوئی ہے جو ملیر کا رہنے والا تھ،دریں اثنا بلاک ٹی نارتھ ناظم آباد میں دو موٹر سائیکلوں پر سوار چار ملزمان نے دو افراد سے لوٹ مار کی کوشش کی،اس دوران وہاں موجود ایک شخص نے ملزمان پر فائرنگ کر دی،دو ڈکیت موقع سے فرار ہوگئے ، دو پیدل ملزمان کو لوگوں نے پکڑ لیا اور بد ترین تشدد کا نشانہ بنایا،پولیس کے مطابق اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچی اور زخمی ملزمان کو عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ایک ملزم زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا،سپرہائی وےسروس روڈ فیزون میں مبینہ پولیس مقابلے میں2ڈاکووں کوزخمی حالت میں گرفتار کر کےعباسی اسپتال منتقل کردیا،جہاں شناخت 30سالہ رضوان ولدحکیم اور 25سالہ زاہد حسین ولد علی بخش کے نام سے ہوئی ہے، پولیس نے ملزمان کے قبضے سے ٹی ٹی پستول،گولیاں ،موبائل فونزاورنقدی برآمد کر لی۔ دریں اثنا ڈاکس پولیس نے مچھر کالونی میں مبینہ مقابلے کے دوران دو ملزمان بابر ولد ناظر خان اور ساجد خان ولد عمر الیاس کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔