پاکستانی ویب سیریز ’سیوک دی کنفیشنز‘ نے نشر ہوتے ہی بھارت سمیت دنیا بھر میں ہلچل مچادی ہے۔
سیریز ’سیوک دی کنفیشنز‘ کو پاکستانی اسٹریمنگ سروس’ویڈلی ڈاٹ ٹی وی (vidly.tv)‘ پر نشر کیا گیا ہے۔
بھارتی حکومت کی جانب سے اس سیریز کو ملک میں نشر ہونے سے روکنے کے لیے پاکستانی اسٹریمنگ سروس’ویڈلی ڈاٹ ٹی وی (vidly.tv)‘ کو بھارت میں بلاک کردیا گیا ہے۔
بھارتی حکومت نے اس سیریز کے بارے میں اپنے ایک بیان میں یہ دعویٰ کیا ہے کہ’سیریز میں انڈیا کی قومی سلامتی اور دفاع کے خلاف مواد دکھایا گیا ہے‘۔
بھارتی حکومت کے مطابق، اس سریز کی کہانی سے یہ ثابت کرنے کی کوشش کی گئی ہے کہ بھارت میں ہندو اکثریت کی جانب سے اقلیتوں پر ظلم کیا جاتا ہے۔
بھارتی حکومت کا یہ بھی کہنا ہے کہ سیریز کی کہانی میں سمجھوتہ ایکسپریس اور بابری مسجد والے واقعہ کو بھی اس انداز سے پیش کیا گیا ہے کہ وہ سب کچھ ہندوؤں نے کیا جوکہ بھارت کی قومی سلامتی کے خلاف ہے۔
واضح رہے کہ اس ویب سیریز کی ابھی تک 3 اقساط نشر کی جاچکی ہیں۔
انجم شہزاد کی ہدایتکاری میں بننے والی اس سیریز ’سیوک دی کنفیشنز‘ کی کہانی کو سجی گل نے تحریر کیا ہے۔
اس ویب سیریز کی کاسٹ میں محسن عباس حیدر، ہاجرہ یامین، نیر اعجاز، عدنان جعفر اور عمارہ ملک سمیت دیگر نامور چہرے شامل ہے۔
اس ویب سیریز میں بھارت میں اقلیتوں پر انتہا پسند ہندو سربراہوں کی جانب سے ہونے والے ظلم و ستم کو دکھایا گیا ہے کہ کس طرح سے بھارت میں سکھوں، مسلمانوں اور عیسائیوں کا قتل عام کیا جاتا رہا ہے۔
اس سیریز کو کہانی کی وجہ سے پاکستان سمیت دنیا بھر کے کئی ممالک میں شاندار پذیرائی مل رہی ہے۔