• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لکی مروت: حملے میں شہید 4 اہلکاروں کی نمازِ جنازہ ادا

اسکرین گریب
اسکرین گریب

خیبر پختون خوا کے ضلع لکی مروت میں دہشت گردوں کے حملے میں شہید ہونے والے 4 اہلکاروں کی نمازِ جنازہ پولیس لائن میں ادا کر دی گئی۔

شہید پولیس اہلکاروں کی نمازِ جنازہ میں لکی مروت کے ڈی پی او اور ڈپٹی کمشنر شریک ہوئے۔

RPO کی شہداء کے لواحقین سے ملاقات

لکی مروت کے آر پی او سید اشفاق انور نے شہداء کے لواحقین سے ملاقات کی ہے۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کے دوران انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کا آخری دم تک پیچھاکریں گے، واقعے میں ملوث افراد کو قانون کی گرفت میں لائیں گے۔

آر پی او لکی مروت سید اشفاق انور نے یہ بھی کہا کہ پولیس کے شہداء قوم کا فخر ہیں، جن کی قربانی رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔

وزیرِ اعلیٰ نے واقعے کی رپورٹ طلب کر لی

وزیرِ اعلیٰ خیبر پختون خوا محمود خان نے لکی مروت میں تھانے پر ہونے والے حملے کی رپورٹ طلب کر لی۔

پشاور سے جاری کیے گئے بیان میں خیبر پختون خوا کے وزیرِ اعلیٰ محمود خان نے کہا کہ لکی مروت میں دہشت گردوں کے حملے کی شدید مذمت کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ واقعہ انتہائی افسوس ناک ہے، شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔

وزیرِ اعلیٰ خیبر پختون خوا محمود خان نے حکام کو زخمی پولیس اہلکاروں کو بہترین طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔

واقعے میں 4 اہلکار زخمی

کے پی پولیس کے ترجمان کے مطابق تھانہ برگئی پر دہشت گردوں کے حملے میں 4 پولیس اہلکار زخمی بھی ہوئے تھے جنہیں اسپتال میں طبی امداد دی جا رہی ہے۔

خیبر پختون خوا پولیس کے ترجمان نے بتایا ہے کہ حملے کے بعد تھانہ برگئی کے اطراف کے علاقوں میں سرچ آپریشن جاری ہے۔

کے پی پولیس کے ترجمان نے یہ بھی بتایا ہے کہ مشکوک افراد کی تلاشی اور مشتبہ گاڑیوں کی چیکنگ بھی جاری ہے۔

قومی خبریں سے مزید