ایران کی معروف مصطفیٰ ؐ پرائز فاؤنڈیشن نے 17 دسمبر کو تہران میں منعقدہ مصطفیٰ ؐ پرائز کی چوتھی تقریب میں بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی و حیاتیاتی علوم (آئی سی سی بی ایس) جامعہ کراچی کے سربراہ اور کامسٹیک کے کوآرڈینیٹر جنرل پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری کے نصف مجسمے کی نقاب کشائی کی ہے۔
واضح رہے کہ پاکستانی سائنسدان پروفیسر اقبال چوہدری کو بائیو آرگینگ کیمسٹری کے شعبے میں گراں قدر خدمات انجام دینے کے اعتراف میں گزشتہ سال 2021ء میں مصطفیٰ ؐ پرائز فاؤنڈیشن کی جانب سے مصطفیٰ ؐ پرائز دیا گیا تھا۔
آئی سی سی بی ایس، جامعہ کراچی کے ترجمان کے مطابق متعلقہ تقریب میں پروفیسر اقبال چوہدری کے علاوہ چار دیگر مسلم سائنسدانوں کے مجسموں کی بھی نقاب کشائی کی گئی۔
واضح رہے کہ پروفیسر اقبال چوہدری متعدد قومی اور بین الاقوامی اعزازات کے حامل ہیں جس میں ایران کا خوارزمی انٹرنیشنل ایوارڈ، آذربائیجان کا ایکو ایوارڈ برائے تعلیم اور کامسٹیک ایوارڈ برائے کیمسٹری جیسے اعزازات شامل ہیں۔
شیخ الجامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی اورسابق وفاقی وزیر ڈاکٹر عطا الرحمٰن نے پروفیسر اقبال چوہدری کو ان کی اس کامیابی پر مبارکباد دی ہے۔