• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فود اتھارٹی کا کوئٹہ‘حب‘ گوادر اور اوستہ محمد میں40سے زائد مراکز کو جرمانہ

کوئٹہ (خ ن)بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی ملاوٹ مافیا اور مضر صحت خوراک بنانے والوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ صوبہ کے مختلف اضلاع میں جاری کریک ڈاؤن کے دوران بی ایف اے ہیڈ کوارٹر اور ڈویژنل فوڈ سیفٹی ٹیموں نے کوئٹہ ، حب ، گوادر اور اوستہ محمد میں 40 سے زائد خوراک کے مراکز پر جرمانے عائد کردئیے ۔ عوامی شکایات پر دودھ سمیت مختلف ڈیری پراڈکٹس کے معیار کی جانچ کیلئے بی ایف اے کی تین موبائل ملک سیفٹی ٹیمیں سرگرم عمل رہیں ، ملک سیفٹی ٹیموں کی جانب سے کوئٹہ کے علاقوں بلیلی ، سریاب روڈ اور سیٹلائٹ ٹاؤن میں ملک شاپس اور ہوٹلوں کا معائنہ کیا گیا ، موبائل ٹیسٹنگ لیبارٹریز کی مدد سے مراکز سے دودھ کے نمونے لیکر آن دی اسپاٹ ٹیسٹ کرنے پر 10ملک شاپس کے سیمپلز میں خشک دودھ و پانی کی ملاوٹ پائی گئی ، جس پر مذکورہ دکانوں کے خلاف ایکشن لیا گیا۔ ڈائریکٹر جنرل بلوچستان فوڈ اتھارٹی محمد نعیم بازئی کا اس سلسلے میں کہنا ہے کہ خوراک کے نام پر زہر بیچنے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹیں گے ، عوام کی صحت کے ساتھ کھلواڑ کرنے والوں کے خلاف بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی کارروائیاں جاری رہیں گی۔ انہوں نے کہا کہ عوام تک معیاری خوراک کی یقینی فراہمی کیلئے آپریشن ٹیموں کو مکمل طور پر فعال کیا گیا ہے ، ملاوٹ مافیا کی حوصلہ شکنی کیلئے خفیہ کاروائیوں کا نظام اور جامع پالیسی مرتب کی گئی ہے ، انہوں نے واضح کیاکہ فوڈ بزنس آپریٹرز کی رہنمائی اور اس حوالے سےجدید ٹیکنالوجی کےاستعمال اور عوامی آگاہی کے دائرہ کار کو مزید وسعت دیں گے جبکہ اس مقصد کے حصول کیلئے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لارہے ہیں۔ ڈی جی بلوچستان فوڈ اتھارٹی نے واضح کیا کہ ملاوٹ مافیاکسی رعایت کے مستحق نہیں ، خوراک کی پروڈکشن و فروخت سے وابستہ کاروباری افراد بلوچستان فوڈ اتھارٹی کے قوانین پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔
کوئٹہ سے مزید