خیرپور،سکھر (بیورورپورٹس، اے پی پی) وزیراعظم شہباز شریف نے وزیراعظم اکانٹ سے 5 ارب روپے کی مالیت سے سیلاب متاثرین کیلئے گھر تعمیر کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم اکاؤنٹ میں 4ارب 80کروڑ روپے آئے ہیں اور مزید بھی آئینگے،ہمیں بحالی اور تعمیر نو کی طرف بڑھنا ہے آج بھی 80لاکھ خاندان سیلابی پانی سے متاثر، دو کروڑ لوگ امداد 90لاکھ بچے ادویات کے منتظر ہیں، اگلے ماہ جنیوا میں ڈونرز کانفرنس میں سیلاب متاثرین کی آواز کو بلند کروں گا، انکی خاتون اول نے اربوں روپے کے تحفے بیچ دیے، وہ تحفے انکی ذاتی جاگیر نہیں تھی، وہ پیسہ اگر غریبوں، یتیموں، بیواؤں کو دیا جاتا تو میں ان کو شاباش دیتا مگر وہ پیسے اپنی جیب میں ڈال لئے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو سیلاب سے متاثرہ ضلع خیرپور کے تعلقہ کوٹ ڈیجی اور پیرگوٹھ کے دورے کے موقع پر سیلاب متاثرین سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب، وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی شیری رحمٰن، نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک اور صوبائی حکومت کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔ سیلاب متاثرین سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ وزیراعظم اکاؤنٹ میں 4ارب 80کروڑ روپے آئے ہیں اور مزید بھی آئینگے اس لیے سیلاب متاثرین کیلئے 5 ارب روپے سے گھر تعمیر کیے جائینگے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ سیلاب متاثرین کی بحالی کا کام ہو چکا ہے مگر آج بھی خیرپور اور دادو کے علاقوں میں پانی کھڑا ہے۔ شہباز شریف نے سیلاب متاثرین کو یقین دہانی کرائی کہ مخلوط حکومت اس طرح انہیں تکالیف میں نہیں چھوڑے گی کیونکہ یہ تمہارا اور میرا نہیں بلکہ ہمارا معاملہ ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ اگلے ماہ جنیوا میں ڈونرز کانفرنس ہو رہی ہے جس کیلئے صوبوں سے مشاورت کی ہے اور پوری تیاری کے ساتھ وہاں جائینگے جہاں میں سیلاب متاثرین کا کیس پیش کروں گا اور دنیا کو بتاں گا کہ پاکستان اس مصیبت میں آیا ہے لیکن اس کا قصور کچھ نہیں تھا کیونکہ ہم کاربان اخراج میں اتنا حصہ نہیں ڈالتے۔وزیراعظم نے کہا کہ ہمارے دوست ممالک سے اربوں روپے کے تحائق ملے جس میں سعودی عرب کی طرف دیا گیا گھڑی کا تحفہ بھی شامل تھا جس میں خانہ کعبہ کا ماڈل بنا ہوا تھا مگر ایک شخص نے اس کی بھی پرواہ نہ کی اور تحائق بیچ دیے۔شہباز شریف نے کہا کہ کاش اگر وہ تحائف بیچ کر سیلاب متاثرین کو پیسے دیے ہوتے تو میں شاباس دیتا کہ آپ نے تحائف بیچ کر غریب اور یتیم عوام کے حوالے کیے ہیں۔وزیراعظم نے کہا کہ میں سیاسی گفتگو کیے بغیر کہنا چاہتا ہوں کہ ہمارے خون کا آخری قطرہ عوام کی خوشحالی اور ترقی کیلئے گریگا۔وزیراعظم نے کہا کہ سندھ میں سیلاب متاثرہ علاقوں میں جہاں بھی گھر تعمیر ہوں گے وہاں زمین وزیراعلی سندھ فراہم کرینگے اور گھر ہم تعمیر کریں گے اور اسی طرح بلوچستان اور دیگر صوبوں میں بھی گھر بنائیں گے۔