• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ریاست کی رٹ ہر قیمت پر قائم کی جائے گی، دہشت گردوں اور حامیوں کا گٹھ جوڑ توڑ دیں گے، وزیراعظم

اسلام آباد(نمائندہ جنگ‘ایجنسیاں) وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ریاست کی رٹ ہر قیمت پر قائم کی جائے گی، کسی کو دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قوم اور بہادر مسلح افواج کی بے مثال قربانیوں کے ذریعے حاصل کی گئی کامیابیوں کو پٹری سے اتارنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ وہ جمعرات کو سی ایم ایچ راولپنڈی میں سی ٹی ڈی بنوں آپریشن میں زخمی ہونے والے پاک فوج کے افسروں اور جوانوں سے گفتگو کر رہے تھے ۔

 آئی ایس پی آر کے مطابق شہباز شریف نے جمعرات کوسی ایم ایچ راولپنڈی سی ٹی ڈی کمپلیکس بنوں آپریشن کے دوران زخمی ہونے والے افسروں اور جوانوں کی عیادت کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ شہداء اور ان کے اہل خانہ نے پاکستان کے عوام کے تحفظ اور سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے بے پناہ قربانیاں دی ہیں

۔وزیر اعظم نے کہا کہ ہم پرامن اور مستحکم ماحول کے حصول تک ہر طرح کے دہشت گردوں ، ان کے حامیوں اور ہمدردوں کے درمیان گٹھ جوڑ کو توڑنے کے لیے پرعزم ہیں

۔دریں اثناء وزیر اعظم آفس میں کرسمس کے حوالہ سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شہبازشریف کا کہناتھاکہ اسلام زبردستی مذہب تبدیل کرانے یا جبر کی اجازت نہیں دیتا ‘جہاں بھی امن و امان میں کوئی خلل پیدا ہو گا اور زیادتی ہو گی قانون برداشت نہیں کرے گا‘ ماضی میں اگر ایسے واقعات ہوئے تو ان پر افسوس ہے‘ملک کو قائداعظم اور علامہ اقبال کے افکار کے مطابق ڈھالیں گے‘قومی اقلیتی کمیشن کا مسودہ بن چکا ، اسے جلد قانون کی شکل دیں گے۔وزیراعظم نے تمام کمیونٹیز کے نمائندوں کے ہمراہ کرسمس کا کیک بھی کاٹا۔

اہم خبریں سے مزید