• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شاہ رخ خان کی فلم ’پٹھان‘ پر تنقید، مداحوں کا ردِعمل

شاہ رخ خان، فائل فوٹو
شاہ رخ خان، فائل فوٹو 

بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کی فلم ’پٹھان‘ پر مودی کے ہندوتوا بھارت میں انتہا پسندوں کی جانب سے شدید تنقید کا سلسلہ جاری ہے۔

کچھ روز قبل مدھیا پردیش کے ہوم منسٹر نروتم مشرا نے فلم ’پٹھان‘ کے گانے ’بے شرم رنگ‘ میں دیپیکا پڈوکون اور شاہ رخ خان جو لباس پہنے نظر آئے ان کے رنگوں پر بھی برہمی کا اظہار کیا اور اسے صحیح کرنے کا مطالبہ کیا۔

جس کے بعد بھارتی ریاست مدھیا پردیش کے شہر اندور میں فلم ’پٹھان‘ کے خلاف شدید مظاہرےہوئے، ایک انتہا پسند ’ویر شیواجی گروپ‘ کے کارکنان نے سڑک کے ایک چوراہے پر جمع ہوکر اداکارہ دیپیکا پڈوکون اور اداکار شاہ رخ خان کے پتلے نذر آتش کیے۔

مشتعل مظاہرین کا کہنا تھا کہ فلم ’پٹھان‘ کے گانے ’بے شرم رنگ‘ نے ہندو برادری کے مذہبی جذبات کو مجروح کیا ہے، اس لیے فلم کی نمائش پر پابندی عائد کی جائے۔

صرف اتنا ہی نہیں بلکہ گزشتہ روز بھارتی میڈیا پر یہ خبر سامنے آئی کہ ملک میں موجود انتہا پسندوں نے اداکارکو زندہ جلانے کی دھمکی دے دی۔

بھارتی ریاست اتر پردیش کے شہر ایودھیا کے انتہا پسند پنڈت نے شاہ رخ خان کو نہ صرف جہادی قرار دیا ہے بلکہ کہا  ہے کہ اگر انہیں شاہ رخ مل جائے تو وہ اسے زندہ جلادیں۔

اس کے علاوہ، ممبئی پولیس کو فلم ’پٹھان‘ کے خلاف ایک تحریری شکایت بھی موصول ہوئی ہے، جس میں اداکارہ دیپیکا پڈوکون کے خلاف فلم کے گانے’بےشرم رنگ‘ میں زعفرانی بکنی پہننے پر ایف آئی آر درج کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

شاہ رخ خان کی دنیا بھر میں مقبولیت سے تو سب ہی واقف ہیں کہ ان کے مداحوں کی کتنی بڑی تعداد ہے اورجب بھی بھارت میں اداکار کے خلاف کوئی تنازعہ سامنے آتا ہے تو فوراََ دفاع میں سامنے آجاتے ہیں۔

اس بار بھی ایسا ہی ہوا ہے، سوشل میڈیا پر اداکار کے مداحوں کی بہت بڑی تعداد ان کی حمایت میں اپنے ردِ عمل کا اظہار کرتی نظر آرہی ہے۔










واضح رہے کہ اب تک فلم’پٹھان‘ کے دو گانے’بے شرم رنگ‘ اور ’جھومے جو پٹھان‘ ریلیز ہوچکے ہیں جبکہ فلم اگلے سال 25 جنوری کو ریلیز کی جائے گی۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید