• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شمالی بلوچستان شدید سردی کی لپیٹ میں‘ درجہ حرارت منفی 11 تک گرگیا، آج سے مغربی سسٹم چمن میں داخل ہوگا

چمن(نامہ نگار) بلوچستان کے شمالی علاقے شدید سردی کی لپیٹ میں آگئے، کئی علاقوں میں درجہ حرارت منفی 11 درجے تک گرگیا، آج سے مغربی سسٹم چمن میں داخل ہوگا ۔آج اتوار سے مغربی سسٹم چمن میں داخل ہونے کا امکان ہے اور کل پیر سے شمالی بلوچستان میں برفیلی شکل اختیار کئے جانے کی پیش گوئی پر موٹروے پولیس نے این 50 پر ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے جوائنٹ فرضی مشق کیاگیا۔ چمن،پشین،زیارت، قلعہ عبداللہ،قلعہ سیف اللہ ،کان مہترزئی،توبہ اچکزئی،خانوزئی، توبہ کاکڑی شدید سردی کی لپیٹ میں ہیں اور سائبرین ہوائیں چلنے سے معمولات زندگی بری طرح متاثر ہوا ہے۔ بالائی علاقوں میں ندی نالوں اور پائپوں میں پانی جم گیا۔ زیارت،پشین، حرمزئی میں گیس 20، 20 گھنٹے تک معطل رہنا شروع ہوگیا ۔شمالی بلوچستان میں بارش اوربرفباری کی پیشگوئی کے بعد موٹروے پولیس نے قومی شاہراہ این 50پر پہلی بار جوائنٹ ریسکیو مشق کا انعقاد کیا، فرضی مشق کا مقصد بلوچستان کو پنجاب اور خیبرپختونخوا سے ملانے والی شاہراہ پر ٹریفک رواں رکھنے اور مسافروں کی فوری مدد کو ممکن بنانے کیلئے نیشنل ہائی وے موٹروے پولیس کا این ایچ اے، پی ڈی ایم اے، ریسکیو ٹیم اور بلوچستان لیویز کے ساتھ مل کر فرضی مشق کا انعقاد کیا۔ سیکٹرکمانڈر موٹروے پولیس امداللہ شاہد کے مطابق فرضی مشق کا مقصد این 50کوئٹہ، قلعہ سیف اللہ ژوب ہائی وے پر برف باری یا کسی بھی ناخوشگوار موسمی صورتحال میں بروقت مدد اور سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔ محکمہ موسمیات نے اتوار سے بارش اور برفباری کی پیش گوئی کے بعد شمالی بلوچستان کی اہم قومی شاہراہ این 50پر رواں سال کی متوقع پہلی برف باری کی صورت میں موٹروے پولیس نے ٹرانسپورٹرز کیلئے الرٹ جاری کردیا ہے، شمالی بلوچستان میں برفباری میں روڈ کلیرنس اقدامات کے لئے کان مہترزئی، خانوزئی، زیارت کراس پر ریسکیو ٹیمیں تعینات کردی ہیں۔ شاہراہ سے برف ہٹانے اور آمد و رفت بحالی کیلئے برفانی موسم میں کوئیک رسپانس دینا اور کسی بھی ایمرجنسی میں تمام اداروں کے درمیان مربوط رابطہ سسٹم بنادیاہے تاکہ برفانی موسم میں بین الصوبائی شاہراہ کو ہرصورت ٹریفک کیلئے بحال رکھا جاسکے۔

ملک بھر سے سے مزید