کراچی ( اسٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین و وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہےکہ قائد اعظم محمد علی جناح کو خراج عقیدت پیش کرنے کا سب سے بہترین طریقہ یہی ہے کہ ہم ان کی آئین و قانون پسندی کی پیروی کریں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے قائد اعظم محمد علی جناح کے یوم ولادت پر اپنے پیغام میں کیا جبکہ پاکستان سمیت دنیا بھر کی مسیحی برادری کو کرسمس کی مبارکباد ی اور ان کیلئے اپنی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ تفصیلات کے مطابق بلاول ہاؤ س سے جاری بیان کے مطابق پی پی پی چیئرمین نے قائداعظم محمد علی جناح کے یومِ ولادت پر اپنے پیغام میں تمام پاکستانیوں کو بابائے قوم کی 146؍ ویں سالگرہ کیمبارکباد دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناح کو خراج عقیدت پیش کرنے کا سب سے بہترین طریقہ یہی ہے کہ ہم ان کی آئین و قانون پسندی کی پیروی کریں اور ملک کی بے لوث خدمت اور بھرپور لگن و جذبے سے کام کریں۔ بلاول نے اپنے پیغام میں اس عزم کا بھی اعادہ کیا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ملک کو قائداعظم محمد علی جناح کے ویژن کے عین مطابق جمہوریت کو مضبوط، قانون کی حکمرانی اور انسانی حقوق کی پاسداری کو ناقابل تسخیر بنانے کی جدوجہد جاری رکھے گی۔ ادھر پی پی پی چیئرمین نے اپنے پیغام میں کہا کہ کرسمس امن، رواداری اور بھائے چارے کے آفاقی پیغام پر غور کرنے اور اسے فروغ دینے کا موقع ہے۔ دعاگو ہوں، یہ کرسمس دنیا کیلئے امن اور خوشحالی کا وسیلہ ثابت ہو۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان کی مسیحی برادری کی پاکستان کی ترقی اور سربلندی کیلئے کردار پوری قوم کیلئے باعثِ فخر ہے جبکہ تعلیم، صحت اور تجارتی شعبوں میں انکی خدمات ہمیشہ بے مثال رہی ہیں۔