• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی ٹیسٹ کا پہلا دن ختم، کپتان کی ذمہ دارانہ بیٹنگ، پاکستان کے 317 رنز

فوٹو: سوشل میڈیا
فوٹو: سوشل میڈیا

نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستان نے 5 وکٹوں کے نقصان پر 317 رنز بنالیے۔ 

قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم 161 اور آغا سلمان 3 رنز پر ناقابلِ شکست ہیں۔ 

نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے اس میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ 

قومی بیٹرز کا حریف بدلا لیکن ٹاپ آرڈر پھر بھی جم کر نہ کھیل سکا، عبداللّٰہ شفیق اور شان مسعود خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے اور صرف 19 کے مجموعے تک دونوں کھلاڑی پویلین لوٹ چکے تھے۔ 

عبداللہ شفیق نے 7 اور شان مسعود نے صرف 3 رنز بنائے۔ دونوں ہی کھلاڑی اسٹمپ آؤٹ ہوئے جنہیں بالترتیب اعجاز پٹیل اور مائیکل بریسویل نے آؤٹ کیا۔ 

کپتان بابر اعظم نے دو وکٹیں گرجانے کے بعد کریز سنبھالی اور ان کا ساتھ امام الحق نے دیا، تاہم 48 کے مجموعے پر امام الحق بھی پویلین لوٹ گئے۔ 

24 رنز بنانے والے امام الحق نے مائیکل بریسویل کو اونچا شاٹ کھیلنے کی کوشش کی لیکن کیچ آؤٹ ہوئے۔

سعود شکیل نئے آنے والے کھلاڑی تھے، جنہوں نے محتاط انداز میں بیٹنگ کی لیکن کھانے کے وقفے سے چند منٹ قبل وہ کیوی کپتان ٹم ساؤتھی کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔ چوتھی وکٹ گرنے پر قومی ٹیم کا اسکور 110 رنز تھا۔

ایسے میں تقریباً چار سال بعد ٹیم میں واپسی کرنے والے سابق کپتان سرفراز احمد کریز پر آئے اور اپنے کپتان کا بھرپور ساتھ دیا۔

دونوں نے مل کر 196 رنز کی شراکت قائم کرکے پاکستان کی پوزیشن ایک مرتبہ پھر مستحکم کردی۔

سابق کپتان نے نیوزی لینڈ کے خلاف نصف سنچری مکمل کرلی، انہوں نے 84 گیندوں پر 7 چوکوں کی مدد سے نصف سنچری بنائی۔ یہ ان کے کیریئر کی 19ویں نصف سنچری تھی۔ 

دوسری جانب قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے نیوزی لینڈ کے خلاف اپنے کیریئر کی 9ویں سنچری بنائی۔ 

بابر اعظم نے 161 گیندوں پر 9 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے سنچری بنائی ہے۔

سرفراز احمد دن کے اختتام سے قبل 86 رنز کی عمدہ اننگز کھیل کر اعجاز پٹیل کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ 

کراچی ٹیسٹ کے پہلے دن 90 اوورز مکمل ہوئے۔ قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم اور آغا سلمان اگلے روز بیٹنگ کا آغاز کریں گے۔ 

پلیئنگ الیون: 

قومی ٹیم میں تقریباً چار سال بعد سرفراز احمد کی واپسی ہوئی جبکہ فاسٹ بولر میر حمزہ کو بھی ٹیم میں شامل کیا گیا۔

پہلے ٹیسٹ میں وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان کو آرام دیا گیا۔

اس موقع پر قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا کہ وکٹ بیٹنگ کے لیے اچھی دکھائی دے رہی ہے، نئی سیریز ہے کوشش ہو گی کہ پہلے سے بہتر پرفارم کریں۔

کپتان بابراعظم نے کہاکہ ٹیم میں 3 تبدیلیاں کی گئی ہیں، سرفراز احمد، فاسٹ بولر میر حمزہ اور امام الحق ٹیم میں شامل ہیں۔

پاکستان: 

کراچی ٹیسٹ کے لیے عبداللّٰہ شفیق، امام الحق، شان مسعود، بابر اعظم (کپتان)، سعود شکیل، سرفراز احمد، آغا سلمان، نعمان علی، محمد وسیم، میر حمزہ اور ابرار احمد قومی ٹیم کا حصہ ہیں۔

نیوزی لینڈ کے کپتان ٹِم ساؤتھی نے کہاکہ انگلینڈ نے یہاں بہت اچھی کرکٹ کھیلی، پاکستان اچھی ٹیم ہے، اچھا مقابلہ ہو گا۔

نیوزی لینڈ: 

نیوزی لینڈ نے کنڈیشنز کو مد نظر رکھتے ہوئے ٹیم میں 3 اسپنرز کو  شامل کیا ہے۔

ٹام لیتھم، ڈیون کونوے، کین ولیمسن، ہنری نکولس، ڈیرل مچل، ٹام بلنڈل، مائیکل بریسویل، ٹِم ساؤتھی (کپتان)، اش سودھی، نیل ویگنر اور اعجاز پٹیل نیوزی لینڈ کی فائنل الیون کا حصہ ہیں۔

واضح رہے کہ اس سے قبل انگلینڈ کے خلاف کھیلی گئی ٹیسٹ سیریز میں پاکستان کو وائٹ واش کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید