کوئٹہ (اسٹاف رپورٹر) ممبر جوڈیشل کمیشن آف پاکستان راحب خان بلیدی ایڈووکیٹ نے گوادر میں حق دو تحریک کے دھرنے پر پولیس کی جانب سے لاٹھی چارج اور آنسو گیس شیلنگ اور طاقت کے استعمال کی مذمت کرتے ہوئے کہاہےکہ فورسز کا یہ اقدام بربریت کی انتہاء ہے، ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ نااہل صوبائی حکومت لوگوں کی جان و مال کے تحفظ کرنے میں ناکام ہوچکی ہے ،گودار حق دو تحریک کے تمام مطالبات جائز ہیں موجودہ صوبائی حکومت مالی بدعنوانی کرپشن سر عام تمام محکموں میں پوسٹنگ ٹرانسفر پر بولی لگی ہوئی ہے، بارڈر کی بندش کی وجہ سے لوگ پریشان حال اور سیلاب متاثرین کے مسائل بھی جوں کے توں ہیں، گودار سی پیک پروجیکٹ جو دنیا کا سب سے بڑا پراجیکٹ ہے وہاں کے عوام سراپا احتجاج ہیں گودار میں صوبائی حکومت کی سرپرستی میں فش ٹرالرنگ کا سلسلہ جاری ہے، گوادر کے ماہی گیر فش ٹرالرنگ کی وجہ سے پریشان ہیں ،گوادر کے عوام کو پینے کا پانی دستیاب نہیں ،چیک پوسٹوں پر عوام کے ساتھ ناروا سلوک روا رکھا جارہا ہے، موجودہ صوبائی اور وفاقی حکومت گوادر کے عوام کے مسائل حل کرنے میں مکمل طورپر ناکام ہوچکی ہے، گذشتہ کئی دنوں سے گودار کے عوام اپنے حقوق کیلئے دھرنا دیئے ہوئے ہیں ،گذشتہ رات دھرنے میں پولیس اور دویگر فورسز کی جانب سے لاٹھی چارج اور آنسو گیس شیلنگ کرکے حسین واڈیلا سمیت ان کے کارکنوں کو گرفتار کیا گیا جو قابل مذمت ہے، بیان میں مطالبہ کیاگیاکہ حکومت فوری طور پر گوادر کے عوام کے تمام جائز مطالبات تسلیم کرے اور تمام گرفتار رہنماوں کو فوری طور پر رہا کیا جائے۔