• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومت گوادر کے حالات خراب کررہی ہے، جماعت اسلامی

کوئٹہ (اسٹاف رپورٹر) جماعت اسلامی سریاب زون ضلع کوئٹہ کے زیراہتمام گوادر میں دھرنا شرکا پر طاقت کے استعمال کے خلاف بدھ کو سریاب کسٹم سے امیر ضلع حافظ نور علی کی قیادت میں احتجاجی ریلی نکالی اور احتجاجی جلسہ کیا گیا، اس موقع پر مولانا ہدایت الرحمٰن بلوچ و دھرنا شرکا کے حق اور حکومت کی جانب سے تشدد کے خلاف نعرے بازی کی گئی ۔ جلسہ سے امیر ضلع حافظ نور علی ، زون ناظم چیئرمین دارو خان ، عبدالمنان ہاشمی ، بلال خان قلندرانی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی مولانا ہدایت الرحمٰن بلوچ اور گوادر کے مظلوم عوام کیساتھ ہے ، حکومت گوادر کے حالات خراب کررہی ہے ، ہم جمہوری لوگ اور ہمارئے مطالبات جائز ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ گوادر کے عوام کا جائز مطالبات کیلئے پرامن دھرنے کو دو ماہ ہوگئے اس دوران امن و امان کا کوئی واقعہ رونما نہیں ہوا لیکن اب حکومت کی طرف سے پرامن مظاہرین پر تشدد کیا گیا پھر بھی مظاہرین نے صبر اور حوصلے سے کام لیا ، انہوں نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومت غفلت و کوتاہی کی مرتکب ہوئی ہے جو نہ مذاکرات کرتی ہے نہ ان کو عوام کی مشکلات و پریشانیوں کی فکر ہے ، گوادر حق دو تحریک کا دھرنا جمہوری ، مطالبات حقیقی و اجتماعی ہیں اور ان کو پوری قوم کی حمایت حاصل ہے ، قومی میڈیا پر دھرنا مظاہرین اور گوادر کے عوام کو کوریج نہ دینا زیادتی ہے ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت حسین واڈیلا ودیگر کو فوری رہا کرتے ہوئے مذاکرات کے ذریعے دھرنا شرکا کے مطالبات کوتسلیم اور تمام مسائل کوسنجیدگی سے حل کرے۔
کوئٹہ سے مزید