کوئٹہ(این این آئی) انجمن تاجران بلوچستان نے کسٹم حکام کے رویئے کے خلاف زیارت کراس کے مقام پر قومی شاہراہ کو بلاک کردیا ،گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں ،انجمن تاجران بلوچستان کے صدر عبدالرحیم آغا نے بتایا کہ زیارت کراس کے مقام پر تعینات کسٹم انسپکٹر نے گزشتہ روز فیصل آباد سے تاجروں کی آنے والی مال بردار گاڑیوں کو بلاجواز روک کر انہیں ضبط اور گاڑیوں کے عملے سے موبائل فون سمیت دیگر ضروری سامان چھین لیا ۔انہوں نے کہا کہ 2روز تک کسٹم حکام سے سامان ضبط کرنے کی وجوہات دریافت کی گئیں تاہم ہمیں کوئی جواب نہیں دیا گیا جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ سامان بد نیتی کی بناءپر ضبط کیا گیا ہے جس کے خلاف ہم نے زیارت کراس کے مقام پر شاہراہ کو بلاک کردیا ہے بعدازاں اسسٹنٹ کمشنر ، موٹر وے پولیس حکام، علاقہ معتبرین کی جانب سے تاجروں کے ساتھ مذاکرات کئے گئے جس کے بعد تاجروں نے عوامی مسائل کو مد نظر رکھتے ہوئے شاہراہ کو ٹریفک کے لئے کھول دیا جبکہ کسٹم حکام سے رات گئے تک مذاکرات جاری رہے ۔