میڈیا میں نت نئے انکشافات ہو رہے ہیں ، جن میں سابق آرمی چیف جنرل باجوہ اور سابق چیف جسٹس ثاقب نثارکے مبینہ سیاسی کردار اور مبینہ سیاسی فیصلوں کی تفصیلات سامنے آ رہی ہیں ۔ ان انکشافات سے عمران خان ، شہباز شریف اور آصف زرداری سمیت متعدد سیاست دانوں کی طرف سے فوج اور عدلیہ سے مبینہ طور پر حمایت اور رعایتیں لینے کی کہانیاں بھی سامنے آ رہی ہیں ۔ میرے نزدیک یہ کوئی بڑے انکشافات نہیں ہیں ۔ یہ پاکستان میں ہمیشہ سے ہوتا آیا ہے ۔ سب سے بڑا اور تشویش ناک انکشاف یہ ہے کہ بدیہی طور سیاسی قوتوں نے حالات سےمکمل طور پر سمجھوتہ کر لیا ہے اور اب یہ سوال پیدا ہو گیا ہے کہ کیا اب سیاسی مزاحمت بے کار ہے؟
اگرچہ ہمارا میڈیا بہت حد تک آزاد ہے لیکن یہ انکشافات اسٹیبلشمنٹ کی ’’ گلا سنوسٹ ‘‘ (Glasnost ) پالیسی کا نتیجہ ہے ۔ یہ پالیسی بھی کسی بڑے کھیل کا حصہ ہے ۔ پاکستان کی سیاست میں اسٹیبلشمنٹ کی مداخلت اب کوئی راز نہیں رہا، قیام پاکستان سے ہی یہ سلسلہ جاری ہے لیکن سیاسی قوتوں نے معاملات کو اپنے ہاتھ میں لینے کےلئے وقتاً فوقتاً جو پیش رفت کی تھی ، اسے اب برقرار رکھنا مشکل نظر آ رہا ہے ۔ یہ پیش رفت 1973ء کے دستور ، لندن کے میثاق جمہوریت اور 18ویں آئینی ترمیم کی صورت میں تھی ۔ سیاسی جماعتوں کی اقتدار کے لئے لڑائی انہیں پسپائی کی طرف دھکیل سکتی ہے۔
اس صورت حال میں ٹیکنو کریٹس کی حکومت بننے کے حوالے سے جو شوشہ چھوڑا گیا ہے، وہ بھی بلاوجہ نہیں ہے حالانکہ ٹیکنو کریٹس کی حکومت کی آئین میں کوئی گنجائش نہیں ہے ۔ ملکی حالات کو اس نہج پر پہنچا دیا گیا ہے کہ اب آئین کے تحت بننے والی کسی جمہوری حکومت کا چلنا مشکل ہو گیا ہے ۔ خصوصا ًملک کا بڑھتا ہوا معاشی بحران کسی غیر آئینی آپشن پر سوچنے کے لئے مجبور کر رہا ہے ۔ بعض حلقے اس صورت حال سے بچنے کےلئے یہ تجویز دے رہے ہیں کہ اسٹیبلشمنٹ خاص طور پر فوج اور عدلیہ کے سیاسی اور حکومتی امور میں سیاسی کردار کو آئینی طور پر تسلیم کر لیا جائے اور اس سلسلے میں ایک نیا سوشل کنٹریکٹ کیا جائے یعنی نیا آئین بنایا جائے ۔ یہی ایک راستہ ہے ، جس پر چل کر فوجی یا عدالتی یا ان دونوں کی بالواسطہ مداخلت کو روکا جا سکتا ہے ۔ ایک دوسرا حلقہ ایسا ہے ، جو اس تجویز کی مخالفت کرتا ہے ۔ اس حلقے کا کہنا یہ ہے کہ اگر آئین میں فوج اور عدلیہ کے کردار کا تعین بھی کر دیا جائے توبھی یہ ادارے اس کردار تک محدود نہیں رہیں گے ۔ جب ان کا آئین میں کوئی کردار نہیں ہے ، تب بھی ان کی مکمل مداخلت ہے ۔ یہ حلقہ مکمل سویلین بالادستی کے لئے ’’ میثاق جمہوریت ۔2 ‘‘ کرنے پر زور دے رہا ہے ۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ آگے کیا ہوتا ہے کیونکہ معاشی حالات اور سیاسی عدم استحکام سیاسی قوتوں کی پوزیشن کو کمزور کر رہے ہیں۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما میاں رضا ربانی جب چیئرمین سینیٹ تھے ، انہوں نے اپنی اس پوزیشن میں یہ تجویز دی تھی کہ اداروں کے درمیان ڈائیلاگ ہونے چاہئیں ۔ یہ ڈائیلاگ فوج ، عدلیہ اور پارلیمنٹ کے مابین ہوں ۔ اس ڈائیلاگ کے نتیجے میں نیو سوشل کنٹریکٹ کیا جائے ۔ اس تجویز کی میاں نواز شریف نے بھی شاید حمایت کی تھی ۔ اب میاں رضا ربانی خود ’’ میثاق جمہوریت ۔ 2‘‘ کی بات کر رہے ہیں۔
میرے خیال میں یہ دونوں تجاویز ناقابل عمل ہیں ۔ تیسری دنیا کے کئی ملکوں میں فوج اور عدلیہ کا سیاسی اور حکومتی امور میں آئینی کردار ہے لیکن وہاں بھی یہ تجربہ ناکام ہو اہے ۔ مکمل سویلین بالادستی کے لئے سیاسی جماعتوں کا کسی نئے میثاق جمہوریت پر اتفاق بھی ناممکن نہیں تو مشکل ضرور نظر آ رہا ہے ۔ پہلے میثاق جمہوریت پر بھی سیاسی جماعتیں عمل درآمد نہیں کر سکی ہیں ۔ اب دوسرا میثاق جمہوریت اگر کوئی ہوتا ہے تو بعض سیاسی جماعتیں خصوصا پاکستان تحریک انصاف اس کا حصہ نہیں ہو گی ۔ پہلے میثاق جمہوریت کے بعد پاکستان کے سیاسی حالات زیادہ خراب ہوئے ہیں۔ شاید اسٹیبلشمنٹ کی اس کے بعد زیادہ جارحانہ مداخلت ہوئی ہے ۔ 18ویں آئینی ترمیم پر بھی اسٹیبلشمنٹ کے بہت سے تحفظات ہیں۔
سب سے اہم بات علاقائی اور عالمی سیاست میں رونما ہونے والی تبدیلیاں ہیں ۔ جنوبی ایشیا اور جنوب مشرقی ایشیا میں گزشتہ دس پندرہ سال کے دوران ہونے والی جمہوری پیش رفت کو نہ صرف بریک لگ گیا ہے بلکہ یہ خطے دوبارہ براہ راست یا بالواسطہ فوجی مداخلت کے راستے پر گامزن ہیں ۔ میانمار میں فوجی حکومت کا قیام اس کی حالیہ مثال ہے ۔ خطے میں سیاسی عدم استحکام سے چین کےلئے مسائل پیدا ہوں گے اور امریکہ اور اس کے اتحادیوں کی کوشش ہو گی کہ چین کے ارد گرد قریبی خطوں میں سیاسی عدم استحکام سے چین کا محاصرہ کیا جائے ۔ پاکستان کے حالات کو بھی اسی تناظر میں دیکھنا چاہئے۔
اس سے پہلے کہ سیاسی قوتوں کو مجبوراً کوئی غیر آئینی آپشن قبول کرنے پر مجبور کر دیا جائے ، انہیں تدبر کے ساتھ فوری طور پر خود ہی کوئی فیصلہ کرنا ہو گا اس کےلئے ان کے پاس دو ہی راستے ہیں ۔ ایک راستہ تو یہ ہے کہ پی ڈی ایم اور پیپلز پارٹی کی حکومت پاکستان تحریک انصاف کی قیادت سے مذاکرات کرے اور اسے احتجاج نہ کرنے پر راضی کرے تاکہ ملک میں سیاسی استحکام ہو ۔ مذاکرات میں کسی میثاق معیشت پر بھی اتفاق ہونا لازمی ہے ۔ دوسرا راستہ یہ ہے کہ تحریک انصاف کے مطالبے کو تسلیم کرتے ہوئے عام انتخابات کے انعقاد کی کسی تاریخ پر اتفاق کر لیا جائے ۔ ورنہ سیاسی قوتیں غیرآئینی آپشن کو قبول کرنے پر مجبور ہوں گی ۔ اگر وہ قبول نہیں بھی کرتی ہیں تو بھی وہ اپنا فیصلہ کرنے کی پوزیشن میں نہیں رہیں گی۔
(کالم نگار کے نام کیساتھ ایس ایم ایس اور واٹس ایپ رائےدیں00923004647998)