کوئٹہ(پ ر) نیشنل پارٹی خواتین ونگ کی جانب سے وومن موبلائزیشن کے سلسلے میں جناح ٹاؤن میں کارنر میٹنگ سے نیشنل پارٹی کی مرکزی خواتین سیکرٹری یاسمین لہڑی اورصوبائی خواتین سیکرٹری کلثوم نیاز بلوچ نے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ نیشنل پارٹی عورت و مرد دونوں کو یکساں فوقیت و اہمیت دیتی ہے۔دونوں کے شعوری کردار ہی سماجی و معاشی ترقی کی ضامن ہے اور اس کے لئے تعلیم و تربیت اور سیاسی عمل بنیادی کردار ادا کرتے ہیں۔4 جنوری کو نیشنل پارٹی وومن پولیٹیکل سکول کے زیر اہتمام 3 بجے معروف پروفیسر ڈاکٹر فاروق بلوچ اوریجن و آرکیالوجی کے عنوان پر لیکچر دیں گے۔نیشنل پارٹی خواتین لیکچر سیشن میں شرکت کو یقینی بنائیں۔رہنماؤں نے کہا کہ نیشنل پارٹی نے بلوچستان کے قبائلی و جاگیر دارانہ سماج میں خواتین کی برابری کو مقام حصول تعلیم کو ممکن بنانے اور سیاسی سماجی اور معاشی طور پر بااختیار بنانےکےلئے شعوری جدوجہد کی۔انہوں نے کہا کہ نیشنل پارٹی علم و تربیت کا ادارہ ہے۔خواتین کو اس ادارہ سے مستفید ہونے کی ضرورت ہے تاکہ وہ علمی و فکری اور ذہنی حوالے سے بلند ہو تب وہ مضبوط اور مستحکم ہونگی۔اس موقع پر نیشنل پارٹی کی ورکنگ کمیٹی کی رکن سلمیٰ قریشی سعدیہ بادینی فریدہ بلوچ حمیدہ ملک روزی شاہ عبیداللہ بھی موجود تھیں۔