کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)تحریک نفاذ فقہ جعفریہ بلوچستان کے رہنماوں غلام مصطفیٰ کمال اور صوبائی ترجمان طارق احمد جعفری نے کہا ہے کہ عزاداری پر کسی قسم کی پابندی قبول نہیں کی جائے گی، ملک بھر میں ماتمی جلوسوں کی برآمدگی موسوی جونیجو معاہدہ کے تحت یقینی بنائی ،7 اور 10 محرم الحرام سمیت 8 ربیع الاول تک نکلنے والے عزاداری کے جلوسوں اور مجالس عزا کو فول پروف سیکورٹی کی فراہمی یقینی بنائی جائے،پرامن عزاداروں کے نام شیڈول فور سے خارج کیے اورنیشنل ایکشن پلان کی ہر شق پر مکمل عمل درامد یقینی بنائی جائے ، یہ بات انہوں نے بدھ کو کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی ۔ انہوں نے کہا کہ حال ہی میں دنیا نے دیکھا جب ازلی دشمن بھارت نے وطن عزیز پاکستان کی خودمختاری و سلامتی پر حملہ کیا تو جذبہ شوق شہادت سے سرشار پاکستان کی بہادر افواج نے اپنے سے کئی گنا بڑے دشمن کو ایسا منہ توڑ جواب دیا جو اسے ہمیشہ یاد رہے گا اگر ارباب اختیار چاہتے ہیں کہ دین و وطن کے تحفظ و دفاع کیلئے آئندہ بھی پوری قوم دشمنان پاکستان کے خلاف بنیان مرصوص ثابت ہو تو ذکر حسینؓ کے ذریعہ قوم میں جذبہ حسینی کو زندہ رکھنا ہوگا ۔ انہوں نے 16 نکاتی ضابطہ عزاداری پیش کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ عزاداروں کی سہولت ، ممکنہ مسائل کے فوری حل اور امن و امان کو یقینی بنانے کیلئے وفاق و صوبائی سے اضلاع و تحصیل کی سطح تک محرم کنٹرول رومز تشکیل دے کر ان کی بذریعہ میڈیا تشہیر اور ان کنٹرول رومز کو تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کی محرم کمیٹی عزاداری سیل کے ساتھ مربوط رہنے کی ہدایت کی جائے ۔ علما کرام ، ذاکرین اور واعظین مثبت انداز میں پیغام حسینیت کا ابلاغ کریں اور اتحاد و یکجہتی کے فروغ کو ہر شے پر مقدم رکھیں ، ایک دوسرے کے عقائد و نظریات کا مکمل احترام کیا جائے ۔ بانیان مجالس و جلوس قانون نافذ کرنے والے اداروں سے تعاون کیلئے خود بھی حفاظتی انتظامات یقینی بنائیں۔ سوشل میڈیا پر منافرت پھیلانے والوں پر کڑی نظر رکھی اور نفرت و اشتعال پھیلانے والوں کو قانون کی گرفت میں لایا جائے ۔ نیاز و سبیل بغیر کسی تصدیق کے وصول نہ کی جائے ، گاڑیوں کو عزاداری کے مقام پر مکمل تلاشی کے بعد جانے کی اجازت دی جائے ، سیاسی جماعتیں عشرہ محرم کے دوران سیاسی سرگرمیاں معطل رکھیں ، مجالس و جلوس میں نظم و نسق کی پابندی کو ہر قیمت پر ملحوظ رکھا اور عزاداری کی روح کے منافی ہر کام سے اجتناب کیا جائے ۔