برسلز( حافظ اُنیب راشد ) پاکستان کے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے آج بیلجیئم اور نیدرلینڈز کے وزرائے خارجہ سے ملاقاتیں کی ہیں۔ یہ ملاقاتیں سوئٹزرلینڈ کے معروف سیاحتی مقام ڈاووس میں جاری ورلڈ اکنامک فورم کی سائیڈ لائنز پر ہوئیں۔ اپنے مائیکرو بلاگنگ اکاؤنٹ ٹویٹر پر جاری کردہ پیغامات میں پاکستانی وزیر خارجہ نے بتایا کہ ان کی بیلجئین ہم منصب ہادجا لحبیب اور نیدرلینڈز کے ڈپٹی پرائم منسٹر اور وزیر خارجہ ووپکے ہوسٹرا سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں ہوئیں ہیں۔ اس موقع پر پاکستانی وزیرخارجہ نے حالیہ سیلاب میں مدد فراہم کرنے پر پاکستان کی جانب سے دونوں ممالک کا شکریہ ادا کیا۔دونوں وزراء کے ساتھ مختلف بین الاقوامی اور علاقائی موضوعات پر گفتگو کرتے ہوئے باہمی تعاون کے دیگر امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر وزیر مملکت برائے خارجہ امور حنا ربانی کھر اور شیری رحمٰن بھی موجود تھیں۔