• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران، اسد اور فواد حاضری سے کب تک استثنیٰ لیں گے؟ الیکشن کمیشن

—فائل فوٹو
—فائل فوٹو

توہین الیکشن کمیشن اور چیف الیکشن کمشنر کے کیس کی سماعت کے دوران الیکشن کمیشن کے ممبر نے کہا ہے کہ عمران خان، اسد عمر اور فواد چوہدری حاضری سے کب تک استثنیٰ لیں گے؟

الیکشن کمیشن میں توہین الیکشن کمیشن اور چیف الیکشن کمشنر کے کیس کی سماعت ہوئی۔

الیکشن کمیشن کے ممبر نثار درانی کی سربراہی میں 4 رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی۔

پی ٹی آئی کے وکیل نوید انجم نے الیکشن کمیشن میں پیش ہو کر کہا کہ فرخ حبیب کا الیکشن کمیشن کے خلاف کیس ہائی کورٹ میں زیرِ سماعت ہے، انور منصور اس کیس کی سماعت کے لیے ہائی کورٹ میں مصروف ہیں، ساڑھے 11 بجے تک کیس کی سماعت ملتوی کر دیں۔

پی ٹی آئی کے وکیل نے کہا کہ فواد چوہدری کراچی میں ہیں، اسد عمر بھی شہر سے باہر ہیں اور عمران خان زخمی ہیں، ان تینوں کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دے رہے ہیں۔

ممبر کمیشن نے پی ٹی آئی وکیل سے سوال کیا کہ حاضری سے کب تک استثنیٰ لیں گے؟ کیا بڑے لوگوں کی قانونی ذمے داری نہیں کہ پیش ہوں؟

ممبر کمیشن نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ ہم وارنٹ نکالیں تو ہائی کورٹ معطل کرتا ہے اور کہتا ہے کارروائی جاری رکھیں، ہم نے کہا ہے کہ فریم چارج ہونے ہیں اس لیے پیش ہوں، آپ نہیں آتے تو ہم 512 کی کارروائی شروع کریں گے۔

پی ٹی آئی کے وکیل نوید انجم نے جواب دیا کہ عمران خان، اسد عمر اور فواد چوہدری آئندہ سماعت پر پیش ہوں گے۔

الیکشن کمیشن نے کیس کی سماعت یکم فروری تک ملتوی کر دی۔

قومی خبریں سے مزید