• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایئر انڈیا کی بڑی غلطی، کینیڈا جانیوالے مسافروں کو فضا میں 8 گھنٹے خوار کرا دیا

فوٹو بشکریہ بھارتی میڈیا
فوٹو بشکریہ بھارتی میڈیا 

ایئر انڈیا کی کینیڈا کے شہر وینکور جانے والی ایک پرواز تکنیکی اور انتظامی غلطی کے باعث منزل تک پہنچنے کے بجائے تقریباً آٹھ گھنٹے فضا میں رہنے کے بعد واپس دہلی لوٹ آئی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق پرواز اے آئی 185 بدھ کے روز صبح 11 بج کر 34 منٹ پر نئی دہلی سے روانہ ہوئی جس نے اپنی معمول کی پرواز جاری رکھی تاہم تقریباً چار گھنٹے بعد جب طیارہ چین کی فضائی حدود میں کنمنگ کے قریب پہنچا تو ایئر لائن کو معلوم ہوا کہ استعمال ہونے والا طیارہ کینیڈا میں لینڈنگ کی اجازت نہیں رکھتا۔

بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ ایئر انڈیا نے غلطی سے بوئنگ 777-200 ایل آر طیارہ استعمال کیا تھا جبکہ کینیڈا کے لیے کمپنی کو صرف بوئنگ 777-300 ای آر طیاروں کی آپریشنل منظوری حاصل ہے۔ 

بین الاقوامی ہوا بازی قوانین کے تحت بعض ممالک مخصوص طیاروں یا انفرادی رجسٹریشن نمبرز کی بنیاد پر اجازت دیتے ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ایئر انڈیا نے غلطی کا احساس ہوتے ہی طیارے کو فوری طور پر واپس دہلی طلب کر لیا، پرواز نے مجموعی طور پر 7 گھنٹے 54 منٹ فضا میں گزارنے کے بعد اسی ایئرپورٹ پر لینڈنگ کی جہاں سے اس نے اڑان بھری تھی۔

ایئر انڈیا نے اپنی اس غلطی پر بیان جاری کرتے ہوئے واقعے کو ’آپریشنل مسئلہ‘ قرار دیا ہے، کمپنی کا کہنا ہے کہ فیصلہ معیاری حفاظتی طریقۂ کار کے مطابق کیا گیا۔ 

ایئرلائن کے مطابق متاثرہ مسافروں کو ہوٹل میں رہائش اور دیگر سہولتیں فراہم اور انہیں جلد از جلد منزل تک پہنچانے کے انتظامات کیے گئے، اگلے روز یہی پرواز دوبارہ روانہ کر دی گئی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اس پرواز کے مسافروں کی اصل تعداد کے بارے میں کچھ نہیں بتایا گیا ہے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید