• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسلاموفوبیا کے خلاف بند باندھنے کیلئے مسلمانوں کو متحد اور ہر شعبے میں ترقی کی ضرورت ہے، مقررین

مانچسٹر( علامہ عظیم جی) برطانیہ میں رہنے والے مسلمانوں اور پاکستانیوں کو باہم متحد ہوکر زندگی کے ہر شعبے میں ترقی کیلئےکوشاں ہونے کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار مانچسٹر کے معروف بزنس مین چوہدری طاہر صدیق، مصطفیٰ کمال شیخ نے کمیونٹی رہنماؤں کی جانب سے تقریب میں کیا۔تقریب کے مہمان خصوصی پاکستان کے معروف عالم دین جمعیت اہل حدیث کےپروفیسرحافظ مطیع الرحمٰن، شیڈو وزیرجسٹس برطانیہ افضل خان تھے،تقریب میں معروف کمیونٹی رہنماؤں نے شرکت کی۔ اس موقع پر لیبر شیڈو وزیر جسٹس افضل خان ایم پی نے کہا کہ برطانیہ میں رہنے والے مسلمانوں باالخصوص پاکستانیوں کو اسلاموفوبیا کے سامنے بند باندھنے کیلئے باہم متحد ہونے اور زندگی کے ہر شعبے میں ترقی کرنے کی ضرورت ہے، انہوں نے کہا کہ جب تک ہماری کمیونٹی یہاں برطانیہ کے ہر شعبہ زندگی میں اپنی قابلیت اور ذہانت کالوہا نہیں منوائے گی اس وقت تک ریسزم اور اسلامو فوبیا کو ختم کرنے میں کامیابی نہیں مل سکتی، افضل خان ایم پی نے کہا کہ انہوں نے برطانوی پارلیمنٹ میں مختلف سیاسی پارٹیوں کے ساتھ مل کر اسلامو فوبیا کے خلاف موثر آواز بلند کی ہے تاکہ برطانیہ میں اسلاموفوبیا کا خاتمہ کیا سکے ،انھوں نے شیخ مصطفیٰ کمال اور چوہدری طاہر صدیق کی کمیونٹی اتحاد کیلئے کاوشوں کو سراہا۔ اس موقع پرمہمان خصوصی پاکستان کے ممتاز عالم دین پروفیسر حافظ مطیع الرحمٰن نے کہا کہ مسلمانوں کو اپنے فروعی اختلافات سے بالاتر ہوکر عالم اسلام کی بڑائی اور اتحاد امت کیلئے متحد ہونے کی اشد ضرورت ہے، انہوں نے کہا کہ وہ برطانیہ میں مختلف الخیال مسلم کمیونٹی رہنما ؤں کے ساتھ رابطہ کر کے انشاء اللہ ایسا اتحاد پیدا کرنے کی کوشش کریں گے جس سے یہاں کے مسلمان فخر کر سکیں۔مصطفیٰ کمال شیخ نے کہا کہ باہمی اتحاد ہی برطانیہ کے مسلمانوں کی ترقی کا راز ہے، انہوں نے کہا کہ تمام شعبوں میں باہمی روابط پیدا کرنے ضرورت ہے ۔اس موقع پر میزبان چوہدری طاہر صدیق نے کہا کہ ہم برطانیہ بھر میں تمام مختلف الخیال مذہبی اور سیاسی رہنماؤں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرنا چاہتے ہیں تا کہ برطانیہ میں رہنے والے تمام مسلمان اور پاکستانی یہاں بھی ترقی کریں اور اپنے وطن کیلئے بھی خوشحالی کا باعث بن سکی۔ تقریب میں مانچسٹر کے سابق لارڈ میئر کونسلر نعیم الحسن،معروف رہنما عباس بخاری، مسلم لیگی رہنما راجہ وحید مجید لہری ،پی ٹی آئی نارتھ ویسٹ کے آصف بٹ، جبران سونی، سلمان غنی ودیگر نے شرکت کی۔

یورپ سے سے مزید