پیرس (نمائندہ جنگ) شانزے لیزے میں واقع ریسٹورنٹ میں مسلم لیگی قیادت نے مریم نواز کو پارٹی کا چیف آرگنائزر اور سینئر نائب صدر بننے کی خوشی میں جشن منایا، پیرس کی نوجوان کاروباری شخصیت راجہ محمد علی کی جانب سے مسلم لیگ ن کی قیادت کے اعزاز میں عشائیہ کا اہتمام کیا گیا، تقریب میں چیئرمین مسلم لیگ ن راجہ علی اصغر، سردار ظہور اقبال، طلعت چوہان ، چوہدری نعیم، خان اصغر، فیصل سعید، حاجی مذمل حسین، راجہ حمید، نثار احمد ، یاسر شاہ، چوہدری شہباز کسانہ ،صحافی رضاچوہدری ، ملک منیر احمد ، سلطان محمود ،سید شاہ زیب ارشد اور چوہدری منہاز نے شرکت کی۔اس موقع پر راجہ محمد علی نے مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور کہا کہ قائد ن لیگ میاں نواز شریف ہی ملک کو ترقی اور خوشحالی کی طرف لے کر جائیں گے، انہوں نے مریم نواز کو سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر بنا کر پارٹی کارکنوں کی دلی خواہش پوری کردی۔ چیئرمین مسلم لیگ ن فرانس راجہ علی اصغر نے تقریب کا انعقاد کرنے اور مسلم لیگیوں کو ایک پلیٹ فارم پر یکجا کرنے پر راجہ محمد علی کو خراج تحسین پیش کیا، ان کا کہنا تھا کہ پارٹی کو راجہ محمد علی جیسے نوجوانوں کی اشد ضرورت ہے، مستقبل میں راجہ محمد علی جیسے نوجوان ہی پارٹی کو آگے لے کر جا سکتے ہیں۔ سینئررہنما مسلم لیگ ن فرانس سردار ظہور اقبال کا کہنا تھا کہ پارٹی چلانے کیلئے پہلے ہم سب مسلم لیگیوں کو آپس کے اختلافات بھلا کر یکجا ہونے کی ضرورت ہے، ہمیں ماضی کو بھلا کر مستقبل کیلئے مسلم لیگ ن کو مضبوط کرنا ہوگا۔ طلعت چوہان کا کہنا تھا کہ ہمیں عہدوں کی دوڑ سے باہر نکل کر پارٹی کیلئے زیادہ سے زیادہ کام کرنے کی ضرورت ہے۔ صدر مسلم لیگ ن یوتھ ونگ فرانس اصغر خان کا کہنا تھا کہ تمام سینئر قیادت کو ایک ساتھ بیٹھا دیکھ کر خوشی ہوئی، امید ہے آئندہ بھی ہم سب مل کر پارٹی کو مضبوط کرنے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔ سینئر رہنما مسلم لیگ ن چوہدری نعیم نے تمام لیگیوں کو ایک پلیٹ فارم پر یکجا کرنے کی کوشش پر راجہ محمد علی کی کاوش کو سراہا۔ آخر میں پارٹی گیتوں کی دھن پر مسلم لیگی رہنمائوں نے مریم نواز کے سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائر بننے کی خوشی میں جشن منایا اور کیک کاٹا،اس موقع پر میاں کے نعرے وجنے ہی وجنے کی دھن پرخوشی منائی گئی اور کیک کاٹا ۔