• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چیکو ... صحت اور غذائیت سے مالا مال پھل

چیکو ایک مقبول پھل ہے جو اپنے میٹھے ذائقے اور طبی فوائد کے باعث انسان کا پسندیدہ ہے۔ اس میں قدرتی شکر سے بنا نرم اور بآسانی ہضم ہونے والا گودا ہوتا ہے۔ فرکٹوز اور سوکروز کی موجودگی کی وجہ سے اس میں کیلوریز اور شکر کی زائد مقدارموجود ہوتی ہے، جو توانائی کا فوری ذریعہ فراہم کرتی اور جسم کو جوان بناتی ہے۔ اسے دودھ یا دہی کے ساتھ ملا کر مزیدار اسموتھی بھی تیار کی جاسکتی ہے جبکہ اسے حلوہ، کھیر اور آئسکریم میں ملاکر کھایا جاسکتا ہے۔ اس لذیذ پھل سے لطف اندوز ہوکر بے شمار صحت کے فوائد حاصل کیے جاسکتے ہیں۔

چیکو کے غذائی حقائق

چیکو ایک زائد کیلوری کا حامل پھل ہے، جس میں فی 100گرام 83کیلوریز ہوتی ہیں۔ یہ غذائی فائبر حاصل کرنے کا ایک اہم ذریعہ ہے جو آنتوں کی حرکت کو فروغ دیتا اور بڑی آنت کو کینسر پیدا کرنے والے زہریلے مادوں سے محفوظ رکھتا ہے۔ یہ پولیفینول کمپاؤنڈ ٹینن کا پاور ہاؤس ہے جس میں ایسٹرنجنٹ، سوزش، اینٹی وائرل، اینٹی بیکٹیریل اور اینٹی پیراسائیٹک خصوصیات ہیں جو بواسیر اور معدے کے مسائل کے علاج کے لیے مشہور ہیں۔

وٹامن اے اور وٹامن سی سے بھرپور چیکو متعدی ایجنٹوں کا مقابلہ کرتا، قوت مدافعت کو بڑھاتا اور بیماریوں سے پاک رکھتا ہے۔ مزید برآں، اس میں پوٹاشیم، کاپر، آئرن اور وٹامنز جیسے فولیٹ، بی 1 اور بی 5 کی بھی قابل ذکر مقدار موجود ہے جو جسم میں میٹابولک عمل کو معمول پر رکھنے اور مجموعی صحت کو بہتر بنانے کے لیے ضروری ہیں۔

توانائی کا حصول

چیکو کیلوری سے بھرپور پھل ہے جو سادہ شکر جیسے فرکٹوز اور سوکروز سے بنا ہے۔ چینی کا قدرتی ذریعہ ہونے کے ناطے چیکو کا استعمال توانائی کی سطح کو فوری طور پر پورا کرسکتا ہے اور کھیلوں کی شدید سرگرمیوں یا ورزش کے دوران ناشتے کے بہترین آپشن کے طور پر کام کرتا ہے۔ مزید برآں، یہ بچوں اور حاملہ خواتین کے لیے توانائی کی بڑھتی ہوئی طلب کو پورا کرنے اور مجموعی صحت کو بہتر بنانے کے لیے بہترین ہے۔

ہاضمے کا فروغ

چیکو میں قدرتی پودوں کے مرکب ٹیننز کی موجودگی آنتوں کی نالی میں تیزاب کی رطوبت کو بے اثر کرنے میں مدد دیتی ہے۔ جبکہ غذائی فائبر کی زیادہ مقدار آنتوں کی حرکت کو باقاعدہ بناتی، قبض اور ہاضمے کے دیگر تمام مسائل کا علاج کرتی ہے۔ اس کے علاوہ، چیکو کی طاقتور اینٹی پیراسائیٹک، اینٹی وائرل، اینٹی سوزش اور اینٹی بیکٹیریل خصوصیات معدے کی جلن کو پرسکون اور گیسٹرائٹس کا علاج کرسکتی ہیں۔

مدافعتی نظام

وٹامن اے، سی، پولی فینول اور اینٹی آکسیڈنٹ مرکبات سے مالامال چیکو ایک مضبوط مدافعتی نظام بنانے، نقصان دہ زہریلے مادوں سے لڑنے اور بیماریوں کے خطرے کو کم کرنے میں نمایاں کردار ادا کرتا ہے۔ مزید برآں، صحت مند غذا کے ایک حصے کے طور پر چیکو کو اپنی خوراک میں شامل کرنا مدافعتی نظام کو نقصان دہ جرثوموں سے بچاتا اور موسمی سردی اور کھانسی کا علاج کرتا ہے۔

تناؤ کا مقابلہ

تناؤ عام مسائل میں سے ایک ہے، جو انسان کی صحت کو متاثر کرتا ہے۔ صحت بخش غذائیں کھانے سے اس پر کافی حد تک قابو پایا جا سکتا ہے۔ چیکو ایک ایسی خوراک ہے، جس میں ضروری غذائی اجزاء خاص طور پر وٹامن سی ہوتا ہے جو کمزور مدافعتی نظام اور مجموعی صحت کو بڑھاتا ہے۔ مزید برآں، یہ اعصابی نظام کو سکون بخشتا اور مزاج کو بہتر بناتا ہے۔

ہڈیوں کی مضبوطی

جوڑوں کے مسائل سے دوچار افراد کو اپنی غذا میں چیکو شامل کرنا چاہیے۔ اس میں موجود معدنیات جیسے کیلشیم، فاسفورس، کاپر، سیلینیم، میگنیشیم اور آئرن کی بہت زیادہ مقدار ہڈیوں کو مضبوط بنانے میں مدد دیتی، جوڑوں کے درد کو روکتی اور آسٹیوپوروسس کے خطرے کو بھی ٹال دیتی ہے۔ کاپر کی کمی سے آسٹیوپوروسس کا خطرہ بڑھ سکتا ہے، چیکو میں کاپر کی بھرپور مقدار صحت مند ہڈیوں، کنیکٹیو ٹشوز اور مسلز کو برقرار رکھنے کے لیے اہم ہے۔

کینسر سے بچاؤ

چیکو میں اینٹی آکسیڈنٹس کےفری ریڈیکلز ہیں، جو آکسیڈیٹیو تناؤ کا مقابلہ کرتے، ٹیومر کے خلیوں کی تشکیل کو روکتے اور کینسر کی کئی اقسام کے خطرے کو کم کرتے ہیں۔ اس میں وٹامن اے اور بی کی وجہ سے بلغم کی پرت کو صحت مند رکھنے میں مدد ملتی ہے اور یہ پھیپھڑوں اور منہ کے کینسر کے خطرے کو ٹالتا ہے۔ اس کے علاوہ، قدرتی غذائی فائبر کا ایک اچھا ذریعہ ہونا آنتوں کی صحت کو برقرار رکھنے میں مدد کرتا اور جسم کو بڑی آنت کے کینسر سے بچاتا ہے۔

انیمیا کا علاج

خواتین میں خون کی کمی ان کی تولیدی عمر میں ایک عام صحت کی حالت ہے، جو آئرن کی کمی کی وجہ سے ہوتی ہے۔ جسم ہیموگلوبن کو خون کے سرخ خلیات بنانے سے قاصر رہتا ہے، جو تمام خلیوں تک آکسیجن اور غذائی اجزاء پہنچاتے ہیں۔ آئرن اور کاپر سے بھرپور چیکو آئرن کی سطح کو بہتر بناتا ہے اور خون کی کمی دور کرتا ہے۔

بلڈ پریشر کا کنٹرول

چیکو ہائی بلڈ پریشر کو کنٹرول کرنے کے لیے پسندیدہ پھلوں میں سے ایک ہے۔ اس میں پوٹاشیم کی وافر مقدار سوڈیم کی سطح کو کم کرنے میں معاون ہوتی، پٹھوں کو آرام دیتی، خون کی گردش کو بہتر بناتی اور بلڈ پریشر کو قابو میں رکھتی ہے۔

بینائی کی بہتری

وٹامن اے کی بڑی مقدار کی وجہ سے چیکو کورنیا کی صحت کو بہتر بنا کر اچھی بینائی برقرار رکھنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ یہ آنکھوں میں موجود ایک پروٹین روڈوپسن کا ایک جزو ہے، جو مدھم روشنی میں دیکھنے میں مدد کرتا اور بینائی کو بڑھاتا ہے۔

صحت سے مزید