• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت کشمیریوں، اقلیتوں پر مظالم کی وجہ سے عالمی سطح پر بے نقاب ہوچکا، بیرسٹر سلطان

برمنگھم ( آصف محمود براہٹلوی) صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ بھارت کشمیریوں ،اقلیتوں پرمظالم کی وجہ سے عالمی سطح پر بے نقاب ہوچکا، عالمی برادری کو اپنا ہم نوابناکر مسئلہ کشمیر اور مقبوضہ ریاست کے شہریوں پر مظالم فلش پوائنٹ بنانا ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے،5فروری کو بھارتی ہائی کمیشن سے 10ڈاؤننگ سٹریٹ تک کشمیریوں کے جلوس کی قیادت کروں گا۔ وہ یہاں کشمیر پیس فورم انٹرنیشنل کے کنونشن اوربعدازاں جلسہ عام سے خطاب کررہے تھے۔انھوں نے کہا کہ بھارت اپنے جارحانہ رویے، ہٹ دھرمی اور انڈیا میں مقیم اقلیتوں سے ناروا سلوک کی وجہ سے عالمی برادری کے سامنے بری طرح بے نقاب ہو چکا ہے، اب ہماری اجتماعی ذمہ داری بنتی ہے کہ عالمی برادری کو اپنا ہمنوا بنا کر مقبوضہ جموں و کشمیر کے ایشو کو فلش پوائنٹ بنا دیں۔ بیرسٹر سلطان نے کہا ہے کہ میں نے اپنے حالیہ بیرون ممالک کے دورے سے بھارت کو دفاعی پوزیشن پر ڈال دیا ہے ۔ بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے مزید کہا کہ مسئلہ کشمیر کے اس نازک اور اہم موڑ پر ہم سب کی بالخصوص بیرون ملک آباد کشمیریوں کی ذمہ داری ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم بند کرانے کے لئے ہر فورم پر جارحانہ انداز میں اپنی آواز بلند کی جائے اور اسی طرح اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیری عوام کو اُن کا حق خودارادیت دلوانے کے لئے انٹرنیشنل فورمز پر موثر انداز میں آواز اُٹھائی جائے۔ انھوں نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں 5 اگست 2019 کو آرٹیکل 370اور35اے کو ختم کرنے کے بعد آئے روز بڑے پیمانے پر تبدیلیاں کر رہا ہے جس سے کہ وہ مسئلہ کشمیر کو ختم اور مقبوضہ کشمیر کو ہڑپ کرنا چاہتا ہے لہٰذا بھارت کی ان ریشہ دوانیوں کا عالمی سطح پر منہ توڑ جواب دینا ہو گا اور بھارت کو اُس کے مذموم عزائم سے باز رکھنا ہو گا، اس سلسلے میں، میں نے اپنے بیرون ملک دورے کا آغاز ترکی سے کیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ میرے ترکی کے دورے کے تحریک آزادی کشمیر پر دورس اثرات مرتب ہونگے اور ترکی کی حکومت اور عوام نے جس طرح کھلے دل سے مسئلہ کشمیر اور کشمیری عوام کے حق خودارادیت کے لئے کشمیریوں کی حمایت کا اعلان کیا ہے، اُس پر ہم اُن کے بے حد مشکور ہیں۔ اب میں برطانیہ کے دورے پر ہوں اور اس کے بعد میں بلجیئم اور امریکہ کے دورے کے بعد دوبارہ برطانیہ آؤں گا اور 5 فروری کو مقبوضہ کشمیر کے عوام سے یکجہتی کے لئے بھارتی ہائی کمیشن لندن سے برطانوی وزیر اعظم کی رہائش گاہ 10 ڈاؤننگ اسٹریٹ تک کشمیریوں کے مظاہرے کی قیادت کروں گا۔ اس موقع پر جہاں مقبوضہ کشمیر کی عوام سے یکجہتی کا اظہار ہو گاوہاں پر انٹرنیشنل کمیونٹی کی توجہ بھارت کے مقبوضہ کشمیر پر جابرانہ اور غاصبانہ قبضے اور مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی پامالی کی طرف مبذول کرائی جائے گی۔ جلسہ عام کی صدارت صدارتی مشیر وکشمیر پیس فورم انٹرنیشنل مڈ لینڈ کے صدر چوہدری خادم حسین نے کی جبکہ تقریب سے برطانوی ممبر پارلیمنٹ مرزا خالد محمود، برطانوی ممبر پارلیمنٹ طاہر علی، کشمیر پیس فورم انٹرنیشنل برطانیہ کے صدر بیرسٹر کرامت حسین، صدارتی مشیر نارتھ زون چوہدری مالک، چوہدری حکم داد ، چوہدری دلپذیر ، چوہدری امجد حسین ، کونسلر عنصر علی خان اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر مرزا خالد محمود اور طاہر علی نے صدر آزاد جموں وکشمیر کو یقین دلایا کہ ہم برطانوی پار لیمنٹ سمیت ہر فورم پر مسئلہ کشمیر کو اُجاگر کریں گے۔

یورپ سے سے مزید