• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نبی پاکﷺ کے تمام صحابہ کرامؓ رشد و ہدایت کے روشن ستارے اور عظمت کے مینار ہیں، رہنما مرکزی جماعت اہلسنت

لندن ( جنگ نیوز) مرکزی جماعت اہلسنت یو کے اینڈ اوورسیز ٹرسٹ کے بانی وسرپرست اعلیٰ مفکر علامہ ڈاکٹر پیر سید عبدالقادر گیلانی نے کہا ہےکہ نبی پاکﷺ کے تمام صحابہ کرامؓ آسمان رشدو ہدایت کے روشن ستارے اور عظمت کے مینار ہیں، وہ آقا کریم ﷺ کے محبوب کے محبوب اور پیارے ہیں ،وہ سارے کے سارے جنتی ہیں، اللہ کے پیارے رسولﷺ نے انہیں اپنی محبتوں اورشفقتوں سے نوازا ہے،اہل بیتؓ رسول وہ نقوس قدسیہ ہیں جن کے گھر میں قرآن پاک اترا اور صحابہ کرامؓ وہ خوش نصیب گروہ ہے جو قرآن کے اولین مخاطب ہیں، تاجدار صداقت سید نا ابو بکر صدیق ؓ خلیفہ الرسول ہیں، ان ہی کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ انہوں نے نبی کریمﷺ کی حیات طیبہ میں صحابہ کرامؓ کو نمازیں پڑھائیں ، جوانوں میں سب سے پہلے نبی کریم ﷺ کی دعوت پر لبیک کہہ کر اسلام کوقبول کیا، ہجرت کی رات ہم سفر بن کر اخلاص ومحبت وفا کا پیکر ہونے کا ثبوت دیا، معجزہ معراج کی تصدیق کرکے صدیق کا لقب بارگاہ رسالتﷺ سے حاصل کیا ،ابو بکرؓ ،صدیق بھی ہیں، عشق بھی ہیں، عشرہ و مبشرہ میں شامل بھی ہیں، اور سرکار مدینہ ﷺ نے فرمایا کہ جس نے جنتی شخص کو دیکھنا ہے وہ ابو بکرؓ کو دیکھ لے ، یہ ابو بکرؓ ہی ہیں جن کے بارے میں سید الانبیا والمرسلین رحمت اللعالمین ﷺ نے فرمایا کہ جس کسی نے مجھ پر دنیا میں احسان کیامیں نے ان سب کا صلہ اور بدلہ دنیا میں دے دیا مگر ابوبکرؓ کے احسانات کا بدلہ اللہ کریم قیامت کے دن خود عطا فرمائے گا۔ ڈاکٹر گیلانی دارالعلوم قادریہ جیلانیہ لندن میں یوم صدیق اکبر ؓ کے حوالے سے منعقد ہونے والے اجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ماہ جمادی الآخر میں سیدنا صدیق اکبر ؓ کا یوم وفات ہے اور اسی ماہ مبارکہ میں سیدہ کائنات طیبہ طاہرہ نبی کریمﷺ کی پیاری بیٹی سیدہ فاطمہؓ کا یوم ولادت ہے۔ڈاکٹر پیر سید عبدالقادر گیلانی نے کہا کہ الحمدللہ ہم اہلسنت والجماعت وہ خوش نصیب لوگ ہیں جن کے دلوں میں اللہ کریم نے نبی پاکﷺ کی آپﷺ کی آل اور آپ ﷺ کے اصحابؓ کی محبت و دیعت کر دی ، صحابہ و اہل بیت کی شان و مرتبہ و مقام کا قرآن بھی گواہ ہے اور نبی پاکﷺ کے ارشادات بھی شاہد ہیں، آج پوری امت مسلمہ کا ہر فرد نبی پاکﷺ کی اہلبیتؓ سے اور آپ ﷺکے صحابہ کرامؓ سے محبت و عقیدت رکھنا اپنے لئےاعزاز و اکرام سمجھتے ہیں۔ مرکزی جماعت اہلسنت کے صدر علامہ صاحبزادہ سیدمظہر حسین گیلانی نے کہا کہ حضرت ابوبکر صدیقؓ کو نبی پاک ﷺ نے جنتی ہونے کا مژدہ تو سنایا ہی تھا ساتھ یہ بھی ارشاد فرمایا تھا ابوبکر تم غار میں بھی میرے رفیق تھے اورحوض (کوثر) پر بھی میرے رفیق ہوگے ۔ مرکزی سیکرٹری جنرل خطیب ملت علامہ قاضی عبدالعزیز چشتی ایم بی ای نے کہا کہ حضرت ابوبکر صدیقؓ آسمان فضائل کے مہر عالم تاب ہیں، آپؓ کے فضائل و مناقب کا احاطہ کرنا ناممکن ہے۔ صحابہ کرامؓ وہ پاک ترین اللہ رب العزت کے بندے تھے جن کے بارے میں اللہ کاقرآن یہ کہتا ہے کہ’’ اللہ ان سے راضی ہوا اور وہ اللہ سے راضی ہوئے‘‘۔ حضرت ابوبکر صدیقؓ نے اپنا مال، جان، آل و اولاد ، تن ، من دھن سب کچھ قربان کرکے قربت رسولﷺ حاصل کی اور اللہ کی مخلوق میں وہ اللہ اور اس کے رسولﷺ کے محبوب بن گئے۔ مرکزی ترجمان پیرزادہ انور حسین کاظمی نے کہا کہ سرکار مدینہﷺ نے ایک مجلس میں اپنے محبوب صحابی حضرت حسان ؓ سے فرمایا حسانؓ تم نے میری شان میں بڑی نعتیں پڑھیں کیا تم نے ابوبکرؓ کی شان میں بھی کچھ کہا ہے۔ انہوں نے چند اشعار سیدنا صدیق اکبرؓکی شان میں پڑھے، نبی کریمﷺ یہ اشعار سن کر بہت خوش ہوئےاور فرمایا کہ حسانؓ تم نےسچ کہا وہ ایسے ہی ہیں جیسا تم نے کہا۔ علمائے کرام نے کہا کہ وقت کی ضرورت ہے کہ ہم نوجوان نسل کو نبی پاکﷺ کے صحابہ کرامؓ اور آپﷺ کی اہلبیتؓ کے فضائل و مناقب کی عملی زندگی جو اللہ اور اس کے رسولﷺ کی محبت و اتباع، خوف آخرت اور زہدو تقویٰ میں گزری، اس سے نہ صرف آگاہ کریں بلکہ اس پر عمل پیرا ہوکر دونوں جہانوں کی عزتیں اور سرفرازیاں حاصل کریں۔ اجتماع میں لندن کے علاوہ برمنگھم، لوٹن، مانچسٹر، ڈربی، شفیلڈ، برٹن آن ٹرنٹ سے لوگوں نے شرکت کی۔ اجتماع سےعلامہ حافظ محمد فاروق چشتی، علامہ نیاز احمد صدیقی، علامہ ساجد لطیف قادری، علامہ انعام الحق قادری، قاری شاہ محمد چشتی، علامہ حسنات احمد قادری، علامہ حافظ اشتیاق حسین قادری، چوہدری شوکت علی قادری، چوہدری لیاقت علی قادری ودیگر علمائے کرام نے شرکت کی ۔ نبی اکرمﷺ کی بارگاہ میں درودوسلام پیش کرنے کے بعد پیر عبدالقادر گیلانی نے دعا کی اور جماعت کے جنرل سیکرٹری علامہ قاضی عبدالعزیز چشتی کو ایم بی ای کا ایوارڈ ملنے پر مبارک باد دی اور ان کی کامیابی کیلئے دعا کی۔ دریں اثنا دارلعلوم قادریہ جیلانیہ لندن اور جامعہ اسلامیہ غوثیہ لوٹن میں چوہدری شوکت علی اور چوہدری لیاقت علی کی ہمشیرہ کی وفات پر ایصال ثواب کی محافل کا انعقاد کرکے ان کیلئے مغفرت اور خاندان کیلئے صبر کی دعا کی گئی۔

یورپ سے سے مزید