• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سپر لیگ میلہ سجانے کیلئے حکومت سندھ پی سی بی کے شانہ بشانہ، وزیراعلیٰ نے یقین دلا دیا

کراچی ( اسٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے پاکستان کرکٹ بورڈ کو یقین دلایا کہ سپر لیگ میلہ سجانے کیلئے سندھ حکومت بورڈ کے شانہ بشانہ ہوگی۔ جمعہ کوپی سی بی چیئرمین نجم سیٹھی نےسید مراد علی شاہ سے وزیراعلیٰ ہاؤس میں ملاقات کی جس میں PSL کے انعقاد سے متعلق تبادلہ خیال ہوا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے نجم سیٹھی کو سندھ حکومت کی جانب سے پی ایس ایل میلے کے انعقاد پر بھرپور تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ پی ایس ایل ہمارا اپنا ایونٹ ہے اور وزیراعلیٰ سندھ نے عالمی اور مقامی کرکٹ کی ترقی کیلئے نجم سیٹھی کی خدمات کو سراہا۔ نجم سیٹھی نے کرکٹ کلبز کی بحالی کیلئے اپنی کاوشوں سے متعلق وزیراعلیٰ سندھ کو آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ 14سے 26فروری تک پی ایس ایل میچز کرائے جائیں گے۔دریں اثناء دفاعی چیمپئن لاہور قلندز نے ٹائٹل پر قبضہ برقرار رکھنے کیلیے بھرپور عزم کا اظہار کیا ہے۔ قلندرز کی انتظامیہ اپنے فینز کا لہوگرمانے کیلئے نیا ترانہ جاری کریگی۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر عاطف رانا کے مطابق ہم نے بڑی محنت سے ترانہ تیار کیا ہے جو ہماراعزم، کہانی اور جدوجہد بیان کریگا۔ علاوہ ازیں قلندرز کے ہیڈ کوچ عاقب جاوید نے کہا ہے کہ موجودہ ٹیم ماضی کے مقابلے میں بہت زیادہ مضبوط ہے۔ ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ افغانستان کے راشد خان کے چند میچز میں نہ ہونے سے ہمیں نقصان ہوگا۔ اسپن آپشن میں ہمارے پاس سکندر رضا اور لیام ڈاوسن ہیں جو نقصان کو کم کریں گے،کرکٹرز کی قومی ڈیوٹی کی وجہ سے تبدیلیاں کرنا پڑتی ہیں، یہ سب کھیل کا حصہ ہے۔

اسپورٹس سے مزید