• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چیئرمین PTI کا بیان خوفناک، عدالت تحقیقات کرائے، حکومت

اسلام آباد(ایجنسیاں)چیئرمین تحریک انصاف کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے حکومت نے کہاہے کہ عمران خان نے ایک جماعت کے سربراہ اور پاکستان کی انٹیلی جنس ایجنسی پر خوفناک الزام لگایا ہے‘ایک سابق وزیراعظم اپنے قتل کی سازش کی بات کررہا ہے تو عدالت اس کی تحقیقات کرائے۔ وزیراعظم کے مشیر اور پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما قمر زمان کائرہ کا کہنا ہے کہ عمران خان کے الزامات درست ہیں تو ذمہ داروں کو سزا ملنی چاہئے الزام غلط ثابت ہوتا ہے تو عمران خان کو سزا ملنی چاہئے‘بات جھوٹ اور پراپیگنڈے سے آگے چلی گئی ہے‘ سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے کہاکہ عمران خان خود دہشت گردوں کا حامی اور طرف دار رہا ہے‘جھوٹے اور گمراہ کن بیانیہ سے عمران خان اپنی مردہ سیاست کو بچانے کی کوشش کر رہا ہےجبکہ وفاقی وزیرداخلہ راناثناءاللہ کا کہنا ہے کہ عمران خان کو گرفتار کرنے کا ارادہ نہیں ہے لیکن عمران خان کے بیانات سے تو لگتا ہے کہ انہیں ایک بار گرفتار کرنا چاہیے تاکہ جو طوفان یہ لانا چاہتے ہیں تو ایک دفعہ پھر دیکھ ہی لیں کہ کیا کرتے ہیں۔تفصیلات کے مطابق سینیٹر سلیم مانڈوی والا نےعمران خان کی تقریر پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ آصف علی زرداری پر الزام تراشی کرکے عمران خان قوم کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔عمران خان کے دماغی توازن کا معائنہ کرانا ضروری ہے،آصف علی زرداری پر جھوٹے الزامات لگا کر حکومت کو بلیک میل کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ادھرلندن میں میڈیا سے گفتگو کے دوران رانا ثنا اللہ نے کہا کہ اس وقت عمران نیازی کی گرفتاری کے حق میں نہیں لیکن جس قسم کی عمران نیازی گفتگو کر رہے ہیں میرا ذہن بنتا ہے کہ انہیں گرفتار کرنا چاہیے۔دریں اثناءجیونیوزکے پروگرام ’’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ ‘‘میں میزبان سے گفتگو کرتے ہوئے قمرزمان کائرہ کا کہناتھاکہ عمران خان کے بیان کے بعد کوئی حد نہیں رہ گئی‘عمران خان نے بہت خوفناک اور گھنائونا الزام لگایا ہے‘عمران خان پر حملے کی جے آئی ٹی کے سربراہ پرویز الٰہی کے منظور نظر تھے۔

اہم خبریں سے مزید