• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

صوبے میں خوشگوار ماحول کو برقرار رکھنا میری ذمہ داری ہے، گورنر

کراچی (اسٹاف رپورٹر)گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ صوبے میں خوشگوار ماحول کو برقرار رکھنا میری ذمہ داری ہے،متحدہ قومی موومنٹ پاکستان اور پاکستان پیپلز پارٹی آپس میں مذاکرات کررہی ہے ہماری خواہش ہے کہ اس صوبے اور ملک کے لئے جو بہتر ہو وہ کیا جائے، طلبہ و طالبات کے لئے جامعات کی فیس میں پچاس فیصد کمی کی تجویز زیر غور ہے۔اور اس سلسلے میں جلد ہی سرکاری اور غیر سرکاری جامعات کے وائس چانسلرز کا اجلاس بلایا جائے گا اور مستحق طلبہ وطالبات کے لئے اسکالر شپ میں سو فیصد اضافہ کے لئے بھی اقدامات کئے جائیں گے ، قبضہ مافیا کے خلاف عزم لے کر نکلیں ہیں عنقریب ان کا خاتمہ ہوتا نظر آئے گا،جو لوگ کام نہیں کریں گے ان کا حساب کھلی کچھریوں میں ہوگا، ذمہ داروں کو کٹہرے میں لایا جائے گا، باغ کراچی (الہ دین پارک) کراچی میں ایک بہترین اضافہ ہوگا اور اس کی تعمیر کو چھ ماہ میں مکمل کرنے کی کوشش کریں گے، ان خیالات کااظہار انہوں نے یو اے ای کے قونصل جنرل بخیت عتیق ال رومیتھی (BAKHEET ATEEQ AL-REHMEITHI) اور ایڈمنسٹریٹر کراچی ڈاکٹر سید سیف الرحمٰن کے ہمراہ باغ کراچی کا سنگ بنیاد رکھنے کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، میونسپل کمشنر کے ایم سی شجاعت حسین، ڈائریکٹر جنرل پارکس جنید اللہ خان، کے ایم سی کے محکموں کے سربراہان اور شہریوں کی ایک بڑی تعداد اس موقع پر موجود تھی، گورنر سندھ نے کہا کہ ہماری خواہش ہے کہ اس صوبے اور ملک کے لئے جو بہتر ہو وہ کیا جائے، گورنر کے پاس بہت اختیارات ہیں ان سے کام لوں گا معاشی صورتحال کو مد نظر رکھتے ہوئے کوشش کروں گا کہ شہر او رصوبے کے لئے زیادہ سے زیادہ خدمات انجام دے سکوں۔ دریں اثناء گورنرسندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ ڈیجیٹل پلیٹ فارم استعمال کرکے کثیر زرمبادلہ حاصل کیا جا سکتا ہے اس ضمن میں نوجوانوں کو ڈیجیٹل میڈیا کے استعمال کی طرف متوجہ کرانا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنرہاؤس میں برکلے(Brakley)ڈیجیٹل پرائیویٹ اور JDC کے تعاون سے ڈیجیٹل پاکستان سمٹ 2023سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ گورنرسندھ نے مزید کہا کہ تیز رفتار ترقی کے اس دور میں ہمیں آگے بڑھنے کے لئے ڈیجیٹل میڈیا کی ضرورت ہے اس ضمن میں ڈیجیٹل پلیٹ فارم کے فروغ کے لئے حکومت بھرپور تعاون فراہم کرے گی۔ادھر ورنر سندھ محمد کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ علم دوستی کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے اور کتب بینی ہی ایک ایسا شوق ہے جو انسان کی فکر و سوچ کے دریچوں کی کوروشن کرتا ہے اس میں کوئی شک نہیں کہ علم دوستی کتاب دوستی امن و انسانیت کی فلاح کی ضمانت ہے کیونکہ یہی وہ ذریعے ہیں جو معاشرے کو فساد سے بچاتے ہیں اور بہتر معاشرے کی تکمیل کرتے ہیں کتاب دوستی طلبہ و طالبات کی صلاحتیوں کی کو نکھارنے میں اہم کردار ادا کرتی ہے اس طرح سرگرمیوں کو فروغ دیکر ہی معاشرے میں خوشگوار تبدیلی کو لایا جاسکتا ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلدیہ کورنگی کے زیر اہتمام دو روزہ کتب میلے کا افتتاح کرنے کے موقع پر کیا۔
ملک بھر سے سے مزید